الطاف حسین بھتہ خور وں اور ٹارگٹ کلرز کے سربراہ ہیں، شفاف انتخابات ہوئے تو ملک میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی، الیکشن کمیشن کے غیر سنجیدہ بیانات سے انتخابات کے حوالے سے شکو ک و شبہات پیدا ہورہے ہیں ،کوئی طاقت انتخابات کو نہیں روک سکتی کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کیلئے متحدہیں، ایم کیو ایم پنجاب میں بھی بھتہ خوری اور اسلحہ کلچر کو فروغ دے رہی ہے ، ہم لسانی جماعت ہیں مگر ملک کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے، سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں نوگوایریاز ختم ہو چکے ہیں،ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد کی پریس کانفرنس

اتوار 14 اپریل 2013 00:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14اپریل۔ 2013ء) ایم کیو ایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات ہوئے تو ملک میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی، الطاف حسین بھتہ خور وں اور ٹارگٹ کلرز کے سربراہ ہیں مگر کراچی میں اب ایم کیو ایم کی دہشت گردی نہیں چلے گی، الیکشن کمیشن کے غیر سنجیدہ بیانات سے انتخابات کے حوالے سے شکو ک و شبہات پیدا ہورہے ہیں مگر کوئی طاقت انتخابات کو نہیں روک سکتی کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کیلئے متحدہیں، ایم کیو ایم پنجاب میں بھی بھتہ خوری اور اسلحہ کلچر کو فروغ دے رہی ہے ، ہم لسانی جماعت ہیں مگر ملک کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے، سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں نوگوایریاز ختم ہو چکے ہیں۔

وہ اتوار کے روز لاہور آمد کے موقع پر ائیرپورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہاکہ پاکستان آج جن مشکلات کا شکار ہے ان کا حل صرف اور صرف ملک میں شفاف اور بروقت انتخابات کے ذریعے ہی ہو سکتا ہے، کراچی میں شفاف انتخابات ہوگئے تو ایم کیو ایم کا صفایا ہو جائے گا اور شفاف انتخابات سے ملک میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی سیاسی جماعت انتخابات میں تاخیر نہیں چاہتی لیکن الیکشن کمیشن کے بعض بیانات سے شکوک شبہات پیدا ہو رہے ہیں، الیکشن کو چاہئے کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پورے کرے اور ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات کیلئے کراچی سمیت جہاں بھی ضرورت پڑے وہاں پر فوج تعینات کی جائے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور ان کی جماعت بھتہ خور اور دہشت گرد ہے اگر کراچی ایم کیو ایم کا ہے تو وہ مخالف جماعتوں کے خلاف دہشت گردی کیوں کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم کی دہشت گردی سے مخالف جماعتیں خوفزدہ ضرور ہیں لیکن انتخابی میدان میں بھرپور مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم الطاف حسین کی قیادت میں غیر ملکی ہاتھوں میں کھیل رہی ہے اور ایک سازش کے تحت کراچی میں دہشت گردی اور بھتہ خوری کو فروغ دیا جارہا ہے۔