لاہور کی 66ہائی رسک یونین کونسلوں میں 3روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح ،پنجاب کو 2014میں پولیو فری بنانے کا عزم کیا ہے،خواجہ سلمان رفیق

بدھ 25 دسمبر 2013 20:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25دسمبر۔2013ء) لاہور میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی نشاندہی پر شہر کی 66ہائی رسک یونین کونسلوں میں خصوصی ایکشن پلان ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت 26سے28دسمبر تک پولیو کے خلاف 3روزہ خصوصی مہم چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ بات مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے دریائے راوی کے کنارے خانہ بدوشوں کی بستی میں بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی- ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز، ای ڈی او صحت لاہور ڈاکٹر ذوالفقار علی اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجودتھے-خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ لاہور کی سمن آباد ٹاؤن، راوی ٹاؤن، داتا گنج بخش ٹاؤن مکمل طور پر جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں5,6 یونین کونسلوں کو ہائی رسک قرار دیا گیا ہے-مذکورہ 66یونین کونسلز میں 5لاکھ 4ہزار بچوں کو قطرے پلانے کے لئے ایک ہزار 50ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 930موبائل جبکہ 120فکسڈ ٹیمیں شامل ہیں- خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں 18تا20جنوری2014 ء پولیو کے خلاف مہم کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور صوبے کے 42ایسے مقامات جہاں سے دیگر صوبوں سے آمدورفت ہوتی ہے خصوصی ٹیمیں مقرر کی جائیں گی- انہوں نے کہا کہ کے پی کے سے آنے والے بچوں میں پولیو وائرس کا رسک زیادہ ہے اور لاہور کے سیوریج کے پانی میں جو وائرس پایا گیا ہے وہ بھی پنجاب سے باہر کا ہے لہذا محکمہ صحت کو دیگر صوبوں سے آنے والے بچوں اور پشتون آبادیوں کے بچوں کو خصوصی طور پر پولیو کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے-

متعلقہ عنوان :