سہ فریقی مذاکرات کشمیری قوم کو قبول نہیں ‘پونے دوکروڑ انسانوں کو ریفرنڈ م کا حق دیاجائے‘مقررین

منگل 11 فروری 2014 14:31

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروری 2014ء) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ، کشمیر نیشنل پارٹی اورجموں کشمیر لبریشن فرنٹ صغیر گروپ کے زیر اہتمام ڈگری کالج کوٹلی سے مقبول بٹ ریلی نکالی گئی جس کی قیادت این ایس ایف کے سابق مرکزی صدر انور بیگ ، کشمیر نیشنل پارٹی کے زونل انچارج فیصل کشمیری ، لبریشن فرنٹ کے عامر کشمیری ،اسرار راجہ مرکزی نائب صدر ، تبارک سیّد ایڈووکیٹ ، حاجی زاہودنے کی۔

ریلی شہرکاچکر لگانے کے بعد شہید چوک میں پہنچ کر جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی ۔مقبول بٹ تیرے جانثاربے شمار بے شمار ، ہم لے کر رہیں گے آزادی، کشمیر کا ذرہ ذرہ ہے کشمیر کے رہنے والوں کا کے فلک شگاف نعروں سے شہر گونج اٹھا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبول بٹ شہید  نے ریاست جمو ں کشمیر کی قومی آزادی کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

آج کا دن تجدید عہد کا آغاز ہے۔ ریاست جموں کشمیر کی بندربانٹ کی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ مقررین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ سیز فائر لائن سے بارودی سرنگوں کی صفائی، باڑ کے خاتمے اور تمام روائتی راستوں کو بحال کروانے میں کشمیری قوم کا ساتھ دے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ سہ فریقی مذاکرات کشمیری قوم کو قبول نہیں بلکہ پونے دوکروڑ انسانوں کو ریفرنڈ م کا حق دیاجائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور پاکستان ہندوستان اپنی اپنی افواج کو ریاست جموں کشمیر سے نکالتے ہوئے آزادکشمیر رائل فورس اور NLIکو بحال کریں تاکہ کشمیر ی امن سے زندہ رہ سکیں۔

جلسہ عام سے انوار بیگ، تبارک سیّد ایڈووکیٹ، فیصل کشمیری، عامر کشمیری، حاجی زاہود، شیخ واصف، فیضان علی، باسط ملک، عدیل رزاق، کمانڈر شہباز، ظفر ملک، اسرار راجہ ودیگر نے خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :