سردار سکندر حیات خان کی کشمیری عوام کے منتخب وزیراعظم چوہدری مجید کے خلاف لغو باتیں انہیں زیب نہیں دیتیں‘وزیر خوراک

منگل 18 مارچ 2014 16:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18مارچ 2014ء) آزادکشمیر کے وزیر خوراک حاجی جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم سردار سکندر حیات خان کی کشمیری عوام کے منتخب وزیراعظم چوہدری مجید کے خلاف لغو باتیں انہیں زیب نہیں دیتیں۔آزادکشمیرمیں کرپشن اور برادری ازم کی بنیاد 1985میں سردار سکندر حیات نے بطور وزیراعظم رکھی۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے خلاف سابق وزیراعظم کی اس طرح کی گفتگو پر ہم افسوس ہی کرسکتے ہیں۔

یہ بات وزیرخوراک نے اخباری نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کی۔جاوید بڈھانوی نے کہا کہ ریاست کے لوگ آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم کے ماضی سے بھی واقف ہیں ، نکیال کے پتھر اور درخت بھی سکندر حیات کی کرپشن کی گواہی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سردار سکندرحیات کو اس عمر میں ایک منتخب وزیراعظم کے خلاف اس طرح کی بیان بازی زیب نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طورپر سابق وزیراعظم کا احترام کرتاہوں مگر اس طرح کی گفتگو سن کر بے حد افسوس ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم یا کسی بھی حکومتی نمائندے کے خلاف ان کے پاس ثبوت ہیں تووہ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں ہم ان کے دور اقتدار کے اقدامات کو بھی بخوبی جانتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے اپنے بزرگوں کی برسیاں سرکاری خرچے پر ہی منائی ہیں اب پہلی مرتبہ انہیں اپنی جیب سے خرچ کرنا پڑگیا ہے تو ان کی چیخیں نکل گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاست میں رواداری کے قائل ہیں مگر ہماری شرافت کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔