آزاد کشمیرحکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور توجہ دے رہی ہے‘چوہدری پرویز اشرف

جمعہ 21 مارچ 2014 16:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21مارچ 2014ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ ہاؤسنگ وفیزیکل پلاننگ چوہدری پرویز اشرف نے کہاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ آزادکشمیر بھر میں ترقیاتی منصوبوں پرکام تیز رفتاری سے جاری ہے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ان ہاؤس یاآؤٹ ہاوس تبدیلی کاکوئی امکان نہیں ۔

تحریک عدم اعتماد اور حکومت کے خاتمے کے دن بتانے والے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیںآ زادکشمیر کے عوام باشعور ہیں تبدیلی کی باتیں کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے ۔ آزادکشمیر میں پاکستان پیپلزپارٹی متحدو منظم ہے ، اپوزیشن اگلے انتخابات کاانتظار کرے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں ہماری حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے اربوں روپے کی بیرونی سرمایہ کاری ہورہی ہے اس سے معشیت تیزی سے فاسٹ ٹریک پرآرہی ہے۔

(جاری ہے)

ا انہوں نے کہاکہ زلزلہ کے بعدتعمیر نو پروگرام کے تحت آزادکشمیرمیں 207 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے گئے تھے جن میں سے 80فیصد پرتعمیراتی کام مکمل ہوچکاہے ، تعلیم ، صحت، رسل ورسائل ، ماحولیات ، سمیت دیگر شعبوں کیلئے 7965 منصوبے مرتب کیے گئے جن میں سے 5087 مکمل کرکے متعلقہ محکموں کے سپرد کردیئے گئے 2010 میں سیلابوں اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کے باعث تعمیر نو پروگرام کو مالیاتی مسائل کاسامنا کرنا پڑا لیکن اب فنڈز کی فراہمی کی صورت حال بہتر ہونے کیساتھ ساتھ رکے ہوئے منصوبوں پر تیزی سے کام شروع کردیاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے مختصر عرصہ میں آزادکشمیر میں میگاپراجیکٹس مختلف شاہراروں کی تعمیر، شعبہ تعلیم وصحت کے منصوبوں کی تعمیر سے آزادکشمیرکوترقی کی منازل کی طرف گامزن کیا۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں بڑے بڑے میگاپراجیکٹس راولاکوٹ اور باغ کے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ، سی ایم ایچ راولاکوٹ ، باغ ومظفرآباد، وویمن یونیورسٹیاں، میڈیکل کالجز، نلوچھی پل ، کوہالہ شاہراہ کاتعمیراتی کام کاآغاز اور نیلم ، جہلم ہائیڈرل پاور پراجیکٹ ،پترینڈ پراجیکٹ اور کوہالہ پراجیکٹس جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ان منصوبہ جات تعمیرا ت میں کوالٹی کوبہتر بنایاگیاہے۔ اس کے علاوہ آزادکشمیر بھر میں شاہراہ کی تعمیر کویقینی بنایاگیاہے ۔آزادکشمیر بھر میں بجلی کی بچت کیلئے سولر انرجی کی تنصیب کاکام شروع کیاجارہاہے۔ جس کے تحت پہلے مرحلے میں دارالحکومت مظفرآباد کی سٹریٹ لائٹس ، قانون سازاسمبلی ، سیکرٹریٹ اور سی ایم ایچ میں سولر سسٹم کی تنصیب کاکام شروع کروایاجارہاہے۔

اس کے بعد آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں سولر انرجی سسٹم لگائے جائیں گے ۔تاکہ آزادکشمیر سے پیدا ہونے والی بجلی کو پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابوپانے کے لیے فراہم کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے وزیراعظم آّزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں بلاتخصیص تعمیروترقی کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :