جموں وکشمیر پاکستان کادفاعی حصار ہے ،ترقی خوشحالی کیلئے اندرون ملک و بیرون ملک کاوشیں جاری رکھیں گے،ندیم علی

منگل 8 اپریل 2014 15:54

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8اپریل 2014ء) میئر والتھم فارسٹ لندن کونسلر ندیم علی نے کہاہے کہ ریاست جموں وکشمیر پاکستان کادفاعی حصار ہے ہم مملکت خداداد پاکستان کی ترقی خوشحالی کیلئے اندرون ملک اور بیرون ملک کاوشیں جاری رکھیں گے ۔میرپور کشمیر کے ماتھے کاجھومر اور بین الاقوامی شہر ہے اسے صاف ستھرا اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے اجتماعی طور پر سب کو ذمہ داری کامظاہرہ کرنا چاہیے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ الحاج غلام رسول عوامی کی طرف سے دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔۔ایڈمنسٹریٹر غلام رسول عوامی نے برطانوی کونسل کے میئر اور ا ن کے وفد کے اراکین کو کارپوریشن کے زیر اہتمام ترقیاتی کاموں کی تفصیلات ،حکومت آزادکشمیر کے اقدامات اور میرپور شہر کی مجموعی صورتحال کے حوالہ سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر برطانوی وفد کے دیگر اراکین کونسلر لیاقت علی ،کونسلر ہارون خان ،راجہ اللہ دتہ ،چوہدری شوکت علی ،فرینڈز آف میرپور کے صدر چوہدری محمدصدیق ایڈووکیٹ ،سردار شفیق احمد ،راجہ زراعت خان ،چوہدری دلپذیر ،آفیسران بلدیہ غلام مصطفےٰ خان ،کے ڈی چوہدری ،راجہ شیراز اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔برطانوی کونسل کے میئر ندیم علی نے کہا کہ ہم نے بیرون ملک محنت مزدوری کے علاوہ وہاں کے مقامی اور سیاسی اداروں میں بھی قابل داد کردار اداکیا ہے او رآج ہمارے شہری برطانیہ جیسے اہم ملک میں کلیدی عہدوں پرفائز ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ کشمیر کا بڑا حصہ آج بھی بھارت کے پنجہ استبداد میں ہے اور بھارت جیسے ہٹ دھرم ملک پر کشمیر کے بارہ میں منظور شدہ قراردادوں کاکوئی اثر نہیں ہورہا ہے تاہم مقبوضہ کشمیر سے آخری بھارتی فوجی کی واپسی تک ہماری تحریک جاری رہے گی ہم برطانیہ کو بھی یہ باور کراتے رہتے ہیں کہ یہ مسئلہ آپ ہی کاپیدا کردہ ہے لہذا اسے کشمیری عوام کی خواہشات او راقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے برطانیہ اپنا کردار اداکرے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن میرپور غلام رسول عوامی نے مہمان وفد کاخیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ اعلیٰ میرپور آزادکشمیر کاسب سے بڑا ادارہ ہے ہم محدود وسائل میں شہری ترقی وعوامی بہبود کے کاموں کی تعمیر وتکمیل میں مصروف ہیں آزادکشمیر کے موجودہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے میڈیکل کالجوں کادیرینہ مسئلہ حل کرکے تاریخ ساز کام کیاہے ہم ان کی راہنمائی وہدایات کے مطابق عوامی خدمت کے کاموں میں مصروف ہیں اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ ڈڈیال چوہدری خالد محمود نے بھی خطاب کیا ۔

میئر والتھم فارسٹ لندن کونسلر ندیم علی اور ایڈمنسٹریٹر غلام رسول عوامی نے تحائف کاتبادلہ بھی کیا میونسپل کارپوریشن میرپور کی طرف سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ کااہتمام بھی کیاگیا ۔

متعلقہ عنوان :