بھارت نے حریت قیادت کی انتخابات مخالف مہم پر قدغن لگا کر اپنی شکست تسلیم کر لی ہے‘سید علی گیلانی

بدھ 16 اپریل 2014 16:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16اپریل 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں حریت قیادت کی پرامن انتخابات مخالف مہم پر قدغن لگا کر نام نہاد انتخابات کو یک طرفہ کھیل اور بے سود مشق بنا دیا ہے ۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اپنی پارٹی تحریک حریت جموں و کشمیرکے رہنما عبدالحمید پرے کے گھر چھاپوں اور عبدالاحد پرہ، امیر حمزہ ، محمد یوسف لون ، عبدالرشید بٹ، غلام محمد بانگی اور بشیر احمد صالح سمیت 40سے زائد حریت رہنماوٴں اور کارکنوں کی مختلف جیلوں اور پولیس اسٹیشنوں میں مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی ۔

بزرگ رہنماء نے حریت رہنماؤں کے زیر اہتمام انتخابات مخالف ریلیوں پر بھارتی پولیس کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر بھی اظہا رافسوس کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت قیادت کو اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روک کر اس نظریاتی کھیل میں خود اپنی شکست تسلیم کر لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ سیاسی پلیٹ فارم پر حریت رہنماوٴں کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

دریں اثنا ء بزرگ رہنماء سید علی گیلانی کے فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے تحریک حریت کے تحصیل حاجن کے صدر کے گھرپر متعدد چھاپے مارے اور گھریلو سامان کو نقصان پہنچایا اور اہلخانہ کو ہراساں کیا۔انہوں نے پولیس کی اس کارروائی کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے پورے مقبوضہ علاقے میں حریت قیادت پر کریک ڈاؤن جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :