نریندر مودی کے عزائم خطر ناک اور جارحانہ ہیں ،حکومت پاکستان نئی صف بندی کرے،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 24 مئی 2014 14:34

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24مئی 2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابط کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی کے عزائم جارحانہ اور خطرناک ہیں اس کا مقابلہ کرنے کیلئے آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتیں نئی صف بندی کریں اور کشمیر کی آزادی کے لیے ٹھوس اور جامع حکمت عملی تشکیل دیں،ہندوستان کے نئے چیف آف آرمی سٹاف نے کشمیر میں بے پناہ مظالم ڈھائے ہیں وہ کشمیریوں کے قاتل ہیں چیف بننے کے بعد و ہ مظالم میں اضافہ بھی کر سکتے ہیں اس کے لیے بھی پیش بندی کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف ہندوستان میں نریندر مودی کی دعوت پر نہ جائیں اس سے مقبوضہ کشمیر میں غلط پیغام جائے گا ،بغل میں چھری اور منہ میں رام رام کرنے والے ہمارے دوست نہیں ہو سکتے حکومت پاکستان ہندوستان کے ساتھ ہر طرح کی بات چیت اور تعلقات کو مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط کرے،انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ دفعہ 370کو ختم کر کے کشمیر میں مسلم تشخص کو ختم کریں گے اس سے اور بھی کشیدگی بڑھے گی اور نریندر مودی طاقت کے زور پر تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کی کوشش کریں گے تو اس سے اور بھی حالات خراب ہوں گے ،مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں اضافہ ہو گا ضرورت اس امر کی ہے کہ ان حالات سے قبل ہی صف بندی کی جائے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی دینی جماعتیں اور ان کے قائدین مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اورکشمیریوں کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کے لیے باہم اتحاد اور یکجہتی پیدا کریں مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے ہندوستان پاکستان میں تخریب کاری کا ارتکاب کر رہا ہے تا کہ پاکستان کو کمزور کر کے مسئلہ کشمیر سے دستبردار کروایا جائے ،انہوں نے کہا کہ نئے حالات میں سیاسی اور نظریاتی بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے ایسا لائحہ عمل اپنایا جائے جس کے نتیجے میں پاکستان مضبوط ہو اور کشمیر آزاد ہو انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ایک لاکھ نوجوانوں کا نذرانہ پیش کر دیا ہے وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی کشمیری کسی تقسیم اور ضرب کے فارمولے تسلیم کریں گے انہوں نے کہا کہ کشمیری پر عزم ہیں اور آزادی کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :