حکومت میرپور پولیس کی شاندار کامیابی پر پولیس افسران واہلکاران کو انعامات سے نوازے‘سعادت علی کیانی

پیر 26 مئی 2014 14:56

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26مئی 2014ء) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں راجہ شبیر احمد خان ایڈووکیٹ اور سعادت علی کیانی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ نوشین راجہ قتل کیس میں جس طرح ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم اور ان کی ٹیم نے جس جاں فشانی کا مظاہرہ کیا اس پر ان کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے اس شاندار کامیابی پر ہم ایس ایس پی راجہ عرفان سلیم اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ آزاد کشمیر پولیس کے مایہ ناز سپوت ایس ایس پی میرپور اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار لاکر عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ راجہ عرفان سلیم اور ان کی پوری ٹیم نے جس طرح جوانمردی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندھے قتل کا سراغ لگایا ہے اس سے قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کی سخت حوصلہ شکنی ہوئی ہے اور یہ بات بھی عیاں ہو چکی ہے قاتل کتنا بھی چالاک کیوں نہ ہو اسے ایک دن قانون کی گرفت میں آنا ہی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں وکلاء رہنماؤں نے کہا کہ میرپور پرامن شہر ہے اس طرح کی گھناؤنی وارداتوں سے میرپور کی عوام میں شدید اضطراب پایا جا رہا ہے اور معاشرہ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پولیس سے بھرپور تعاون کرنا چاہیے تاکہ پولیس عوام کے تعاون سے جرائم پیشہ عناصر پر قابو پا سکے اگر عوام بھی پولیس کے ساتھ تعاون کرے گی تو پولیس بہتر انداز میں جرائم پیشہ عناصرکو قانون کی گرفت میں لانے میں کامیاب ہو گی۔

انہوں نے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا کہ میرپور پولیس کی اس شاندار کامیابی پر پولیس آفیسران واہلکاران کو انعام اور تعریفی اسناد سے نوازا جائے تا کہ پولیس آفیسران اور اہلکاران کے حوصلے بلند ہوں اور وہ اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

متعلقہ عنوان :