آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام ایک ہیں،صدر آزاد کشمیر

بدھ 11 جون 2014 13:50

استور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11جون 2014ء) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام ایک ہیں ہمارے درمیان تاریخی سیاسی اور جغرافیائی تعلق نہ ختم ہوناہونے والا ہے ماضی میں جو دوریاں پیدا ہو گئی تھی آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نے بر سراقتدار آنے کے بعد و ہاں دوریاں ختم کرنے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں آزاد کشمیر کی تمام یونیورسٹیوں میں گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کے لیے108 فیصد کوٹہ بڑھایا ہے جبکہ تین میڈیکل کالجز میں بھی پاکستان کے چاروں صوبوں سے زیادہ کوٹہ گلگت بلتستان کے طلباء کے لیے رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ لیپہ ویلی ٹنل اور شونٹر بائی پاس کے ذریعے استوار نیلم شاہراہ کی تعمیر سے ہمارے درمیان فاصلاتی دوریاں بھی ختم ہو جائیں گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے استور میں پولو ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان کی عوام کے ساتھ مجھے دلی محبت ہے ۔ اسلام آباد مظفرآباد میں میرے دفاتر گلگت بلتستان کے وزراء ممبران اسمبلی اور عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ ماضی میں کشمیری قیادت کی عدم توجہ کے باعث گلگت بلتستان کی عوام میں جو غلط فہمیاں پیدا ہوئی تھی ہم انکا ازالہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں صدر آزاد کشمیر نے کرگل کے محاذ پر جام شہادت نوش کرنے والے لالک جان شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے صدر آزاد کشمیر نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاک فوج فضائیہ اور بحریہ میں زیادہ سے زیادہ شامل ہوں اور ملکی دفاع کے لیے لالک جان شہید کے نقش قدم پر چلیں انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج نے سیاہ چین گلیشیر کرگل اور کنٹرول لائن پر بے مثال قربانیاں دی ہیں جن کا صلہ انہیں اللہ تعالی کی ذات ہی دے سکتی ہے اس موقع پر گلگت بلتستان کے وزیراعلی سید مہدی شاہ نے صدر آزاد کشمیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سردار محمد یعقوب خان وہ شخصیت ہیں انہوں نے اپنے پیار خلوص اور مخلصالانہ اقدامات کے ذریعے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی عوام کو پیار و محبت کے بندھن میں باندھ دیا ہے ۔

انہوں نے یونیورسٹیوں میڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کا کو ٹہ بڑھانے اور آزاد کشمیر و گلگت و بلتستان کے لیے میگا پروجیکٹس حاصل کرنے میں مثبت کردار ادا کرنے پر صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان تعلق و رابطہ کو مزید بڑھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ اب ہمارے درمیان دوریاں ختم ہو چکی ہیں انہوں نے کہا کہ گلگت و بلتستان کے عوام نے مسلہ کشمیر کے حتمی حل کے لیے ہونے والے استصواب رائے میں اہم کردار ادا کرناہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کے حل تک ہم ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ استور نیلم سڑک بننے کے بعد ہمارے درمیان رابطے مزید بڑھیں گے اور دونوں خطوں کے درمیان تجارت کو فروغ ملے گا

متعلقہ عنوان :