وادی کے چاروں اطراف آرمی‘ فورسز اور پولیس کی جانب سے پھیلائے جانے والے خوف و ہراس‘ گرفتاریوں اور چھاپوں کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہیں‘ جے کے ایل ایف

جمعہ 27 جون 2014 15:55

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 2جون 2014ء) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے وادی کے چاروں اطراف آرمی‘ فورسز اور پولیس کی جانب سے پھیلائے جانے والے خوف و ہراس‘ دہشت‘ گرفتاریوں‘ چھاپوں اور اذیتوں کے بڑھتے ہوئے رحجانات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہاں سرکردہ سیاسی قائدین اور راہنماؤں کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے وہیں چاروں اطراف جوانوں کی زندگیوں کو اجیرن بھی بنادیا گیا ہے۔

جے کے ایل ایف کے ترجمان نے بتایا کہ فرنٹ کی صدر دفتر پر سیلوسوپور‘ براٹھ اور دوسرے ملحقہ علاقوں سے آئے ہوئے وفد نے سیلو آرمی کیمپ اور اس سے وابستہ میجر اور دوسرے افسران کے ظلم و جبر کی دل دہلادینے والی داستانیں بیان کیں۔ وفد نے کہا کہ اس کیمپ نے بدترین نابدی دور کی یادیں تازہ کردی ہیں اور اس کیمپ سے وابستہ اہلکار اور افسران نے اس پورے علاقے کے مکینوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے اطلاع دی کہ اسی کیمپ نے چند روز قبل چار جوانوں عرفان احمد‘ امتیاز احمد‘ پرویز احمد اور عبدالعزیز کو ان کے گھروں سے گفتار کیا اور ابھی تک ان کی گھر والوں کو ان کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جارہا۔ فرنٹ قائدین نے وفد کو یقین دلایا کہ اس ظلم و جبر کخلاف بھرپور اور منظم آواز بلند کی جائے گی۔ قائدین نے انسانی حقوق کے اداروں پر زور دیا کہ وہ بھارتی آرمی اور فورسز کے ہاتھوں ظلم و بربریت سہنے والے کشمیریوں کو بچانے کی سعی کریں۔

متعلقہ عنوان :