میرپور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن ،7گرفتار938بوتل شراب،10کلو گرام چرس ،1کلو ہیروئن برآمد

جمعہ 11 جولائی 2014 12:59

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2014ء) میرپور پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن ،7گرفتار938بوتل شراب،10کلو گرام چرس ،1کلو ہیروئن برآمد، میرپور پولیس اپنے فرض سے غافل نہیں،منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا میری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے-ایس ایس پی میرپور عرفان سلیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دوران سروس منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا میری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے ۔

ضلع میرپور کی پولیس اپنے فرائض سے غافل نہیں ہے ۔ عوام اگر تعاون کریں تو معاشرہ سے جرائم کاخاتمہ ممکن ہے ۔ گزشتہ دنوں جاتلاں حدود تھانہ افضلپور میں زہریلی شراب پینے کے شبہ میں چند افراد کی موت واقع ہونے کے بعد پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے ۔اسی سلسلہ میں چلائی گئی ایک خصوصی مہم کے دوران گزشتہ روز حدود تھانہ افضلپور میں بڑیال کے مقام پر منشیات فروشی کے اڈہ پر ایک کامیاب ریڈ کرتے ہوئے مشہور منشیات فروش محمد عنصر عرف باوا کالا ولد فضل الہیٰ ، محمد عمران ولد امانت علی اقوام جاٹ ساکنان بڑیال کو گرفتار کرکے اُن کے ڈیرہ سے 10کلو گرام چرس ، ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کیلئے یہ ایک مشکل ٹارگٹ تھا کیونکہ منشیات فروشوں نے اپنا اڈہ دریائے جہلم کے پار جنوبی جانب بنا رکھا تھا اور گاہک سے آرڈر لے کر لانچ کے ذریعہ منشیات سپلائی کرتے تھے ۔ اس آپریشن کے دوران پولیس کو اہل دھیہ کی جانب سے شدید مزاحمت کاسامنا بھی کرنا پڑا لیکن منصوبہ بندی ٹھیک کی گئی تھی اور اس پولیس پارٹی میں میرپور کے پولیس آفیسران اور پولیس کمانڈوز کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔

جس وجہ سے یہ ریڈ کامیاب ہوا ۔ اس ریڈ میں ندیم عارف انسپکٹر SHOافضلپور ، خادم حسین سب انسپکٹر ، عمار ڈا ر ، زوہیب طاہر ASIs شامل تھے ۔ منشیات فروشوں کیخلاف اس مہم کے دوران گزشتہ روز سی آئی اے سٹاف میرپور نے میرا بھنگیاں کے مقام پر منشیات فروشی کے اڈہ پر ایک کامیاب چھاپہ مار کر03منشیات فروش جن میں ۱۔امجد ولد محمد شریف قوم جٹ ،۲۔عظیم ولد محمد ایوب قوم بھٹی راجپوت،۳۔

رحیم عابدولد محمد ایوب قوم راجپوت ساکن بھڑکے شامل ہیں گرفتار کرکے اُن کے قبضہ سے 572بوتل شراب اورایک پستول 30بور معہ دو میگزین 30روندبرآمد کرلی گئی ہیں۔ یہ منشیات فروش ادویات کی آڑ میں الکوحل منگوا کر خود شراب تیار کرتے تھے ۔ اس کامیاب ریڈ میں محمد الیاس انسپکٹر سی آئی اے ، عمران قاسم سب انسپکٹر ، ظفر حیدر شاہ سب انسپکٹر اور دیگر عملہ شامل تھے ۔

اسی طرح گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والے ملزمان پرویز عرف پیجو، ابرار عرف بارا سے366بوتل شراب برآمد کرلی گئی ہے ۔حدود تھانہ پولیس افضل پور میں منشیات فروشوں کے خلاف اس آپریشن کی نگرانی حاجی راجہ کرامت اللہ خان DSPصاحب صدر مقام میرپور جبکہ حدود تھانہ پولیس سٹی میرپور میں راجہ اظہر اقبال DSPصاحب سٹی میرپور کر رہے تھے۔ایس ایس پی میرپور نے کہا کہ میرپور پُرامن لوگوں کا ضلع ہے ۔

پولیس جہاں لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کرنے کی ذمہ دار ہے وہاں معاشرہ سے جرائم کا خاتمہ بھی اولین ذمہ داری ہے او ر یہ خاتمہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب عوام پولیس سے تعاون کرینگے۔ منشیات فروش موت کے سوداگر ہوتے ہیں جو انسانی نسلوں کو تباہ کرتے ہیں ۔ایسے عناصر کو نشان عبرت بنانا ضروری ہوتا ہے ۔ میری عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گرد ونواح پر گہری نظر رکھیں اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم کی اطلاع پولیس کو دیں تاکہ معاشرہ سے جرائم کا خاتمہ کیا جاسکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشی کے خلاف یہ مہم پورے ضلع میں اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ منشیات فروش گرفتار نہیں ہوجاتے یا علاقہ اور جرم کرنا چھوڑ نہیں جاتے ۔

متعلقہ عنوان :