فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، کشمیری جمعتہ الوداع کو یوم قدس کے طور پرمنائیں ،سید علی گیلانی

ہفتہ 12 جولائی 2014 16:56

سرینگر (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء) بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آئندہ جمعہ کو یوم شہدائے کشمیرجبکہ جمعتہ الوداع کو یوم قدس کے طور پر منائیں۔ سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جمعتہ الوداع کو نماز جمعہ کے بعد فلسطینیوں کے حق میں ایک گھنٹے تک پرامن مظاہروں کی اپیل کی۔

انہوں نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عا م پر عالمی برادی کی خاموشی کو افسوسناک قرار دیا ،عالمی برادری نے مسلمانوں کے حوالے سے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے اور انکے قتل عام کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہیں سمجھا جاتا۔بزرگ رہنما نے کہا کہ فلسطینیوں پربمبار ی اور بے گناہ بچوں، بزرگوں اور خواتین کا قتل ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ کہا کہ وہ نام نہاد مہذب اقوام کے طرز عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں جنہوں نے اسرائیل کی دہشت گردی پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے بلکہ اس حوالے سے اسکی حوصلہ افرائی کر رہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے بھارتی حکومت کے بیان کی بھی مذمت کی جس میں اس نے فلسطینی عوام کے قتل عام پر افسوس کرنے کے بجائے فلسطین اور اسرائیل کے درمیاں بات چیت پر زور دیا۔ سید علی گیلانی نے اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کے کردار کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی ادارہ قطعی طور پر امریکہ کے کنٹرول میں ہے جسکی رضامندی کے بغیر یہ کچھ بھی نہیں کر سکتا۔

متعلقہ عنوان :