10اگست کو کشمیری پاکستان کیساتھ اپنی وابستگی کا والہانہ اظہار کریں گے، میاں عبدالوحید

بدھ 23 جولائی 2014 16:57

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23جولائی۔2014ء) آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ 10اگست کو کشمیری وطن عزیز پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا والہانہ اظہار کریں گے۔پاکستان زندہ باد ریلی میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خطاب سے جہاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوں گے وہاں پر دنیا کو بھی یہ پیغام ملے گا کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کی پشت پر آزادکشمیر کے عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ملکر کھڑے ہیں۔

ان خیالات کااظہار وزیرتعلیم سکولز میاں عبدالوحید نے صحافیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ مضبوط ومستحکم اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔پاکستان کی مضبوطی و استحکام کے لئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوا ز شریف کا مظفرآباد میں تاریخی استقبال کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان کے وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا تووہاں کی عوام نے ہندوستان کے وزیراعظم کا سیاہ جھنڈیوں سے استقبال کیا۔ایک سوال کے جواب میں وزیر تعلیم نے کہا کہ مضبوط پاکستان ہی کشمیرکی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے۔پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے او ر کشمیریوں کی ہر سطح پر سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن اور عہدیداران پاکستان زندہ باد ریلی کو شایان شان بنانے کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :