مظفرآباد میں دس اگست کو پاکستان زندہ باد ریلی کی بھرپور تیاریوں کا آغاز

ہفتہ 2 اگست 2014 22:39

مظفرآباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اگست۔2014ء) پاکستان کے جشن آزادی کی تیاریوں کے سلسلہ میں آزادکشمیر کے دارلحکومت وتحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ مظفرآباد میں دس اگست کو پاکستان زندہ باد ریلی کی بھرپور تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے شہروں،دیہاتوں اور مظفرآباد ڈویژن کے تمام حلقوں میں یونین کونسل ہاء کی سطح پر عوام رابطہ مہم شروع کر دی گئی جبکہ جملہ سیاسی جماعتوں کے اکابرین، وکلاء، طلباء، تاجروں، سول سوسائٹی اور صحافتی تنظیموں سے مشاورت اور ملاقاتوں کے ذریعے پاکستان زندہ باد ریلی میں شرکت کی دعوتیں دینے کا عمل بھی تیز تر کر دیا گیا پاکستان زندہ باد ریلی سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف، پاکستان،آزادکشمیر ،حریت اور گلگت بلتستان کی قیادت کے خطاب سے دنیا بھر میں اتحاد واتفاق کاعالمگیر اکٹھ ہو گا تاکہ پوری قوم کو پاکستان کے سبز ہلالی اور آزادکشمیر کے قومی جھنڈوں کے نیچے مجتمع کر کے دنیا بھر کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشت گردی، طاقت کے زور پر کیئے جانے والے ظالمانہ قبضہ اور پاکستان کے ساتھ اہل کشمیر کی محبت کو عملی مظاہرہ کر کے اجاگر کرنا ہے، گزشتہ روز پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر شہری علاقوں کے علاوہ مضافاتی حلقوں میں عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں مختلف مکاتب فکر کے عمائدین سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر مضبوط، خوشحال جمہوری پاکستان کو اپنی لازوال تاریخی قربانیوں کے ثمر کا نشان منزل تصور کرتے ہوئے سروں کی فصلیں کٹوا کر انگنت تعداد میں کفن کا لباس زیب تن کر چکے ہیں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو نے فائلوں کی گردوغبار میں دبے ہوئے تنازعہ کشمیر کو دنیا بھر کے ایوانوں میں فلیش پوائنٹ بنایا، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا یک زبان ہونا آنے والی نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیئے نئی امید صبح کی مانند ہے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، چیئرمین سینیٹ سید نیئر بخاری، قائد ایوان سینیٹر رضا ربانی سمیت پیپلزپارٹی کی جملہ قیادت نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات میں دہشت گردوں کی ہٹ لسٹ پر ہونے اور دھمکیوں کے باوجود قومی مفاد کو مقدم سمجھا اور شمالی وزیرستان میں بہادر افواج پاکستان کی جانب سے شروع کیئے جانے والے آپریشن ضرب عضب اور سیاسی حکومت کے دور اندیش فیصلوں کی غیر مشروط حمایت کر کے نہ صرف پاکستان،آزادکشمیر میں بلکہ دنیا بھر میں اپنی عزت و تکریم میں اضافہ کیا یہ ہوتی ہے دور اندیش قیادت اور اس کے قومی عوامی مفاد کے فیصلے، شوکت جاویدنے کہا کہ پیپلزپارٹی واحد سیاسی قوت ہے جس کو آج بھی ضیاء آمریت اور مشرف باقیات کے پیروکار غیر ریاستی ہونے کا طعنہ دیتے ہیں لیکن ریاست پاکستان ہی کشمیریوں کی مامتا کا دوسرا روپ ہے، کشمیر سے بہنے والے دریاؤں کا رخ قدرتی ہواؤں اور دلکش نظاروں کا ڈھلوان صبح خوشبو کی آزادی کی تڑپ میں اپنا آپ آنے والی نسلوں کے کل پر قربان کرنے والے بوڑھے،بچے، مرد و خواتین کے سینوں سے ابل کر باہر آنے والے خون ناحق کا رخ بھی پاکستان کی طرف ہوتا ہے یہ ہمارا اصل نظریاتی عقیدہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح، مصور پاکستان علامہ محمد اقبال، معمار پاکستان قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کے ارشادات و فرمودات ، فکر و فلسفہ کے تابع ہے، انہوں نے کہا کہ سیاسی درانداز اور غیر نظریاتی گھس بیٹھیے دراصل بھان متی کا کنبہ ہیں جو بھانت بھانت کی بولیاں بول رہے ہیں اور ان کی جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے شتربے مہار بننے والوں کا پہلے بھی پیپلزپارٹی نے ہر میدان ہر فورم پر مقابلہ کیا اور اب بھی ہماری کلائیوں پر چوڑیوں کے بجائے ہتھکڑیوں کے نشان ہیں اور یہ وہی پیپلزپارٹی ہے جس نے طویل ترین مارشل لاء میں کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، ملٹری کورٹس کے سامنے کیئے، جلاوطنی کاٹی لیکن حق و سچ کی صدا تین رنگے باوقار خوددار جھنڈے کے نیچے بلند کر کے کرہ ارض میں ایک نئی تاریخ رقم کی آج بھی ہماری مفاہمت، رواداری، وضع داری، شائستگی ہی اصل سیاست ہے، گیدڑ بھبکیاں مارنے والوں کو ان کی غیر شائستہ زبان زیب دے سکتی ہے ہماری تہذیب و تربیت نے ہمیں اختلاف رائے کا حق دیتے ہوئے بدترین مخالفین کی بھی عزت نفس قائم رکھنے کا درس بھی دیا ہے سلیقہ بھی سکھایا ہے، پاکستان زندہ باد ریلی ایسی تاریخ رقم کرے گی جسے لوگ مثال بناتے رہیں گے، وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اللہ کی ذات نے ہر محاذ پر عقل و دانش سے نمٹنے کی قوت عطا کی اسی طرح اب بھی سرخرو ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :