کشمیر سے کوئی نوجوان داعش گروپ میں شمولیت کیلئے نہیں گیا‘ عمر عبداللہ

توسہ میدان نیا سیاحتی مرکز ہوگا‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 اگست 2014 16:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2014ء) مقبوضہ کشمیر کے وزیراعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر سے کوئی بھی شخص عراق اور مصر میں داعش گروپ میں شمولیت کی غرض سے نہیں گیا‘ توسہ میدان اراضی عنقریب لوگوں کیلئے وقف کرکے اسے سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر سے کوئی بھی شخص عراق یا مصر میں داعش گروپ میں شمولیت کیلئے نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی اطلاعات ہیں کہ ایک کشمیری نوجوان آسٹریلیا سے تربیت حاصل کرنے کی غرض سے گیا ہے تاہم یہاں سے مصر یا عراق کوئی نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کی وجہ سے سرحدی علاقوں کے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا وہ اس معاملے کو مرکزی حکومت کیساتھ اٹھائیں گے تاکہ وہ اس معاملے کو پاکستانی حکومت کیساتھ اٹھاسکیں جس کیساتھ ہی کنٹرول لائن پر خاموشی برقرار رکھی جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ و ہ براہ راست یہ معاملہ وزیراعظم نریندر مودی کیساتھ اٹھائیں گے اور ان پر زور دیں گے کہ سرحدوں پر کشیدگی کو دور کیا جائے جسے دیکھتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔ وزیراعلی نے کہا کہ منشیات سے پاک ارض کشمیر میرا مشن ہے اور اس سلسلے میں وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان کا ساتھ دیا جائے تاکہ ریاست میں منشیات کا خاتمہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :