مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر اظہار تشویش،

شبیر شاہ،نعیم خان گرفتار، سید علی گیلانی گھر میں نظربند

جمعہ 8 اگست 2014 19:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیریوں کو بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگرمیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے ۔

تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت کبھی بھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہو گا۔ انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ کشمیر پراپنا ہٹ دھرمی پر مبنی موقف ترک کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں ظفر اکبر بٹ، سید بشیر اندرابی ،جاوید احمد میر ، سید سلیم گیلانی اور امتیاز احمد ریشی نے مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لے ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں یاسمین راجہ اور میر شاہد سلیم نے اپنے الگ الگ بیانات میں اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل عیاد عبداللہ امین مدنی کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کیا جس میں انہوں نے کشمیر کاز کیلئے او آئی سی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ادھر بھارتی فوجیوں نے حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ ، نعیم احمد خان اور دیگر کو آج سرینگر سے اسوقت گرفتار کر لیا جب وہ کنگن میں ایک عوامی اجتماع سے خطا ب کیلئے روانہ ہورہے تھے ۔

جموں و کشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں ایک بیان میں پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ کی عدالتی احکامات پر بارہمولہ جیل سے رہائی کے فورابعد دوبارہ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔پٹن اورترال قصبوں میں لوگوں پر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے مظالم کے خلاف آج مسلسل تیسرے روز بھی احتجاجی ہڑتال جاری رہی ۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں بشیر احمد بٹ ، نور محمد کلوال ، شوکت احمد بخشی اور شیخ عبدالرشید نے پٹن میں ایک نوجوان مدثر احمد کے قتل کے خلاف سرینگر میں ایک مظاہرے کی قیادت کی ۔

مدثر کی لاش بدھ کو پٹن کے علاقے کریری میں پراسرار حالت میں برآمد ہوئی تھی۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے بزرگ رہنماء سید علی گیلانی کو مسلسل گھر میں نظربندرکھا جبکہ ایک اور حریت رہنماء محمد اشرف صحرائی کو بھی انکی رہائش گاہ پر نظربند کردیا گیا ہے ۔ دونوں رہنماؤں کو نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجاز ت نہیں دی گئی۔

متعلقہ عنوان :