مضبوط ومستحکم پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے،پاکستان کی مضبوطی واستحکام کیلئے کشمیری کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،چوہدری لطیف اکبر

پیر 11 اگست 2014 17:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء) آزادکشمیر کے وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مضبوط ومستحکم پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے ۔پاکستان کی مضبوطی واستحکام کے لئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔شیخ عبدالعزیز شہید کے مشن کی تکمیل اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

شیخ عبدالعزیز کی برسی کے موقع پر اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔شیخ عبدالعزیز کو ان کی ملی وقومی خدمات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار وزیر حکومت چوہدری لطیف اکبر نے جموں وکشمیر، لبریشن سیل وکل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام حریت رہنما شیخ عبدالعزیز شہید کی برسی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

برسی کی تقریب کی صدارت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینےئر سید یوسف نسیم نے کی۔تقریب سے سید یوسف نسیم ،نائب امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر شیخ عقیل الرحمان،امیر جماعت الدعوة مولانا عبدالعزیز علوی،میڈیا ایڈوائز ر شوکت جاوید میر،حریت کانفرنس کے رہنما شیخ محمد یعقوب ،راجہ محمد اسلم خان،شیخ عبدالمجید،ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد خان،عبدالمجید کریمی،مشتاق السلام ،سلیم ہارون،راجہ عارف،عبدالرشید پردیسی،محفوظ انقلابی، ماسٹر محمد یوسف،ماجد جمیل،محمد شفی ڈار،راجہ اظہار خان،ملک عبدالمجید،سلطان محمود ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر کشمیری مہاجرین ،سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں ،میڈیا اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔

برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی پاکستان کے ساتھ محبت وعقیدت کو سلام پیش کرتے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ان کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیریوں پر ظلم وستم وبربریت کی انتہا کررکھی ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور کشمیری اپنے مقصد کے حصول کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اور عوام مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ،حق خودارادیت دینے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو نے ایک ہزار سال تک جنگ لڑنے کا اعلان کرکے کشمیریوں سے کمٹمنٹ کااظہار کیا تھا کہ ہم کشمیریوں کی اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مضبوط ومستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل ہے اور اپنی منزل کے حصول کے لئے کشمیری کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور حکومت آزادکشمیر،کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہے اور تحریک آزادی کی کامیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئر سید یوسف نسیم نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز نے اپنی شہادت کی جو قربانی دی ہے اس پر پوری کشمیری قوم کو فخر ہے اور آج ہم ان کی برسی کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک شیخ عبدالعزیز کے مشن کو جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں،اقوام عالم اور اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہندوستان پر اپنا دباؤ بڑھائیں تاکہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا پیدائشی حق دے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کی سیاہ رات چھٹنے ولی ہے اور ہ دن قریب ہے جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہوگا۔ سید یوسف نسیم نے کہا کہ کشمیریوں نے پاکستان کی مضبوطی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے قربانیاں دی ہیں اور کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیریوں کا رشتہ لازوال ہے اور پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ اتنی محبت رکھتا ہے جتنی محبت کشمیری پاکستان کے ساتھ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان اسلامی دنیا کا سب سے بڑا طاقتور ملک ہے اور کشمیری پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ا س کے استحکام کیلئے اپنا کر دار ادا کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی ۔ انشاء اللہ کشمیرایک دن ضرور آزاد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں ، بوڑھوں اور جوانوں نے جو قربانیاں دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ، انہوں نے کہا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی منزل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن قریب ہے جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بنے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کہا کہ ہندوستان کا چہرہ اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے ۔ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کی جو داستان رقم کی ہے اب کشمیریوں کو اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی پاکستان کے ساتھ محبت و عقیدت پران کوسلام پیش کرتے ہیں ۔ اور عہد کرتے ہیں کہ شہداء کے مشن کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل پاکستان اور منزل کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ آخر میں کشمیری شہداء کے لئے دعا مغفرت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :