یوم آزادی کے موقع پر فریدہ بہن جی کی طرف سے پاکستانی عوام کو مبارکباد

منگل 12 اگست 2014 23:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12اگست۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما اور جموں کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں فریدہ بہن جی نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن ہے اور وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اُنہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اُمید کا اظہار کیا کہ مسئلہ حل ہونے تک وہ کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی قوت کے بل پر جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کرکے رکھا ہے اور ایک پوری قوم کی آزادی کو سلب کرکے انکی آواز کو طاقت و بربریت سے دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اقوامتحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کے باوجودبھارتی حکمران ضدو ہٹ دھرمی کا راستہ اپنا کر تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے بجائے ظلم و جبر کی تاریخ رقم کررہے ہیں ۔حریت رہنما نے کہا کہ بھارت کا کشمیریوں کے حق خوداردیت سے انکارمقبوضہ کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو شہادت کا باعث بنا ہے لہٰذا ہم بھارتی یوم آزادی کو یو م سیاہ کے طور منانے میں حق بجانب ہیں۔

اُنہوں نے بھارتی یو م آزادی کے موقع پرسید علی گیلانی کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس کو کامیاب بنا کراقوام عالم تک ایک بار پھریہ پیغام پہنچائیں کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ بھارت سے آزادی اور اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :