کشمیری (کل)بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طورپر منائیں ، حریت رہنماؤں کی اپیل

بدھ 13 اگست 2014 20:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) کشمیری جمعہ کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے،جس کا مقصد بھارت کو یہ پیغام دینا ہے کہ اس کے پاس جموں و کشمیر میں اپنا یوم آزادی منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق ،بزرگ کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ نے کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن مکمل ہڑتال کریں۔

میر واعظ عمر فاروق ،سید علی گیلانی ،شبیر احمد شاہ ،جے کے ایل ایف (آر) کے چیئرمین فاروق احمد ڈار نے سرینگر میں جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کشمیریوں سے کہا ہے کہ وہ اس دن مکمل ہڑتال کر کے ثابت کر دیں کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کرتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں یوم آزادی کی تقریبات کے انعقاد کا کوئی حق نہیں رکھتا کیوں کہ اس نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپرقبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پروعدہ کیا تھاکہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے تعین کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گالیکن وہ ان وعدوں سے مُکر گیا۔حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری 15/اگست کو ہڑتال کرکے بھارت کے حکمرانوں کو وہی وعدہ یاد دلانا چاہتے ہیں اور دنیا کو پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کوبھارت کا فوجی قبضہ کسی طور بھی تسلیم نہیں ہے۔

حریت رہنماؤں نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایک مضبوط ، مستحکم اور خوشحال پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ناگزیر ہے۔ دیگر حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ،فاروق احمد ڈار،محمد یوسف نقاش ، شبیراحمد ڈار ، میر شاہد سلیم اور محمد اعظم انقلابی نے اپنے الگ الگ بیانات میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :