پاکستان حاصل کرنے کیلئے ہمارے آباواجداد نے بڑی قربانیاں دیں ،ذاتی مفادات کا بالائے طاق رکھتے ہوئے عوامی اور ملک کے مفاد کیلئے کام کیا جائے، عبدالرشید ترابی

جمعرات 14 اگست 2014 18:39

باغ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان حاصل کرنے کے لیے ہمارے آباواجداد نے بڑی قربانیاں دیں جس کے نتیجے میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک ملک عطا کیا،جس کا مقصد یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کرنا تھا،ساری قوم جشن آزادی کے موقع پر اپنے ان بزرگوں اور شہیدوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں جنہوں نے خطے کی آزادی میں اپنا کردار ادا کیا،ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن ضلع باغ کے زیر اہتمام آغوش سینٹر میں جشن آزادی مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر اسسٹنٹ سیکرٹری جماعت اسلامی آزاد کشمیر نثار شائق،امیر ضلع عثمان انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے استعماری قوتیں اور بین الاقوامی دنیا اس کے نظریاتی اور اسلامی تشخص کو ختم کرنے کے در پہ ہیں اور یہاں تعمیر و ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے ہمیں قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمان کے مطابق اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا، ملک کو کمزور کیا جا رہا ہے اس وقت میں معاشرے میں تعلیم یافتہ اور سول سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ حقیقی نظریاتی مملکت بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کریں،یہاں اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کیا جائے ،ذاتی مفادات کا بالاطاق رکھتے ہوئے عوامی اور ملک کے مفاد کے لیے کام کیا جائے،انہوں نے کہا کہ مفادات اور مصلحتوں سے نکل کر پاکستان کی تعمیر کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ تصور پاکستان میں کشمیر بھی جغرفیائی اور نظریاتی اعتبار سے اس کا حصہ تھا جہاں آزادی کی تحریک چل رہی ہے 5لاکھ سے زائد شہید اور ہزاروں لاپتہ اور اجتماعی قبروں کا انکشافات ہو رہے ہیں کشمیریوں نے آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے نریندر مودی نے کو دھمکی دی ہے قیادت اس کا بھرپور جواب دے،انہوں نے کہا کہ اس خطے کو حقیقی بیس کیمپ بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا،الخدمت فاؤنڈیشن آغوش جیسے ادارے جماعت اسلامی نے قائم کیے جن میں یتیم اور بے سہارا بچوں کو تعلیم رہائش اور وہ تمام سہولیات میسر ہیں جو ایک بڑے ادارے میں موجود ہوں،اسلامی تحریک اور اس کے ادارے ہر سطح پر بے سہارا لوگوں کی مدد کر رہے ہیں تاکہ وہ باعزت اپنے مستقبل کو روشن کر سکیں،جماعت اسلامی پاکستان کو فلاحی اور حقیقی اسلامی ریاست بنا چاہتی ہے بیس کیمپ میں فلاحی ریاست کا قیام ہمارا مشن ہے،تقریب سے معززین باغ نے خطاب کیا اور بچوں نے ملی نغمے بھی پڑھے۔