بھارتی یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں سیکورٹی کے سخت اقدامات

جمعرات 14 اگست 2014 18:53

سرینگر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے جمعہ کوبھارتی یوم آزادی کے سلسلے میں مقبوضہ علاقے خاص طور پر سرینگر میں نام نہاد سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر میں بخشی سٹیڈیم کو، جہاں بھارتی یوم آزادی کی بڑی تقریب منعقد ہو گی، مکمل طور پر اپنے حصار میں لے رکھا ہے ۔

سٹیڈیم کے قریب جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کردی گئی ہیں۔ شہر بھر میں لوگوں کی نقل و حرکت کو مانیٹرنگ کرنے کیلئے خفیہ کیمرے نصب کردیئے گئے جبکہ اہم مقامات کے قریب بلند عمارتوں پر شارپ شوٹرز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ سرینگر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کوناکوں پر روک کر مسافروں کو نیچے اتار کر انکی سخت تلاشی لی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

شہرسے باہر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہیں جنہیں سخت تلاشی کے بعد ہی شہر میں داخل ہونے دیا جاتا ہیں۔

لال چوک ، جہانگر چوک ، ڈ لگیٹ ، نگین ، نشاط ، بٹہ مالو اورسرینگر کے دیگر علاقوں میں بھی گاڑیوں ، مسافروں اور راہگیروں کوتلاشی کے سخت مراحل سے گزارا جا رہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو بے انتہا مشکلات کا سامنا ہے۔مقبوضہ علاقے کے دیگر چھوٹے بڑے قصبوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات کیے گئے ہیں۔ دریں اثناء جموں میں بھی بھارتی یوم آزادی سے قبل سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :