بھارت غیر قانونی طورپر نظر بند کشمیریوں کو فوری رہا کرے، اعظم انقلابی

ہفتہ 16 اگست 2014 18:38

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) جموں وکشمیر محا ذا ٓزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی نے بھارت پر زورد یا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند تما م کشمیریوں کو فوری طور پر رہا کرے۔ ایک بیان میں محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ اس وقت سینکڑوں کشمیری مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی نظر بندی کو بلاوجہ طول دینے کے بجائے انہیں رہا کرے۔محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر1947کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے خلاف اپنی فوج سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتاری اور جموں وکشمیر کو غیر قانونی طور پر اپنے زیر تسلط کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اس جابرانہ قبضے کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تو بھارتی حکمرانوں نے ان کی مبنی برحق آواز کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کا سلسلہ شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ استعماری سوچ اور توسیع پسندانہ عزائم کے حامل بھارتی حکمران 1947سے اب تک 6لاکھ کے قریب کشمیریوں کو اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں قتل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو محض آزادی مانگنے کی پادا ش میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں تختہ دار پر لٹکایا گیا اور ان کی لاشوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا۔

محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ کشمیری عوام کے پر زور مطالبے کے باجود ان کے اجساد خاکی اب تک کشمیریوں کے حوالے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے چنگیز،ہلاکواور ہٹلر کے ریکارڈ بھی توڑ دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنا بھارتی فوجیوں کا مشغلہ بن چکا ہے۔

محمد اعظم انقلابی نے کہا کہ بھارت مظالم کے ساتھ ساتھ اپنی ثقافتی یلغار کے ذریعے بھی کشمیریوں کو تحریک آزادی کے راستے سے دور کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے سامراجی عزائم نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں کو عوام سے دور رکھنے کیلئے انہیں مسلسل گھروں اور تھانوں میں نظر بند رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے اس نازک موڑ پر ضرورت اس بات کی ہے کہ کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مضبوط کریں تاکہ دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

انہوں نے بھارتی حکومت سے کہا کہ وہ مقبوضہ علاقے کے زمینی حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے ضد اور ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کرے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خود اریت دے۔ محا ذا ٓزادی کے سرپرست اعلیٰ نے کہا کہ شہید محمد مقبول بٹ، شہید محمد افضل گورو، میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید،شہید اشفاق مجید وانی، شہید عبدالحمیدوانی، شیخ عبدالعزیز شہیداور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انکے مشن کوپورے آب و تاب کے ساتھ اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :