کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام مسلم حکمرانوں کی غفلت اور بے عملی کا نتیجہ ہیں،عبدالرشید ترابی

ہفتہ 23 اگست 2014 16:47

میرپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اگست۔2014ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام مسلم حکمرانوں کی غفلت اور بے عملی کا نتیجہ ہے،امت مسلمہ کو طیب اردگان اور مرسی جیسے حکمرانوں کی ضرورت ہے،یہود اور ہنود سے خیر کی کوئی توقع نہیں ہے لیکن بد قسمتی سے ڈیڑھ ارب امت مسلمہ کے حکمران مسلمانوں کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع میرپور کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،کانفرنس سے امیر ضلع مولانا عتیق ،اسسٹنٹ سیکرٹری جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر ریاض،چوہدری شفیع،ایوب مسلم،چوہدری رضا سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،کانفرنس کی صدارت چوہدری شفیع نے کی،کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اسرائیل کے اردگرد عرب حکمران اسرائیل کی ہوا اور پانی بھی بند کر سکتے ہیں،لیکن بزدلی اور بے عملی کی وجہ سے مٹھی بھر یہودی ان کا قتل عام کر رہے ہیں،مسلمانوں کے مرکز خلافت عثمانیہ ختم کرنے میں لارنس آف عربیہ کی سازش جس میں عرب ممالک میں اسلام کا جھنڈا اٹھانے کے بجائے عرب قومیت کا جھنڈا اٹھایا جس کی وجہ سے اسرائیل جیسی ناجائز ریاست قائم کرنے میں استعماری طاقتوں کو موقع ملا،آج ایک بار پھر ان جیسے کرداروں کو اسرائیل کو آشیر باد حاصل ہے،انہوں نے کہا کہ ان حالات میں امت مسلمہ کی نظریں پاکستان جیسے نظریاتی اور واحد ایٹمی طاقت پر لگی ہوئی ہیں پاکستان ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی ترجمانی کرے،OICکے کردار کو فعال کرنے میں کردار ادا کرے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے جامع اور قابل عمل حکمت عملی اختیار کرے،قومی قائدین کو اس وقت ذاتی ایجنڈے کو موخر کر کے فلسطینیوں کی پشتیبانی کرنی چاہیے ساری دنیا میں اسلام آباد کراچی اور آزاد کشمیر بھر میں جماعت اسلامی فلسطینیوں کے حوصلے بڑھانے کے لیے یکجہتی ریلیوں کا اہتمام کر رہی ہے یہ ہمارا دینی فریضہ بھی ہے،انہوں نے کہا کہ بیت المقدس مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا مسئلہ ہے،اس فریضے کو ادا کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے انسانی ضمیر کے زندہ ہونے کی دلیل ہے،اسرائیل زیادہ دیر تک بین الاقوامی لہر کے خلاف مزاحمت نہیں کر سکتا یہ ایک مصنوعی ریاست ہے ،عالمی صہیونیوں کو غور وفکر کرنا چاہیے اور وہ جن جن ممالک سے آکر یہاں آباد ہوئے ہیں وہ واپس وہاں چلے جائیں اور فلسطینیوں کو اپنے گھروں میں آباد ہونے دیں،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ امت مسلمہ جہاد اور اتحاد کے ہتھیار سے لیس ہو کر کامیابیاں حاصل کرتی رہی ہے اور آج بھی انہی ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔