پاکستان کی اصل قدر وقیمت وہ جانتے ہیں جنہوں نے اس کی آزادی کے حصول کیلئے عملی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا‘پروفیسر شاہین عشائی

منگل 26 اگست 2014 15:59

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) ناظم اعلیٰ تعلیمات کالجز محترمہ پروفیسر شاھین عشائی نے کہا ہے قا ئد اعظم مسلمانوں کے عظیم لیڈر تھے ۔جنہوں نے ایک آزاد اسلامی فلاحی ریاست کے قیا م عمل میں لایا اور پاکستان کے نام پرایک نئی ریاست دنیا کے نقشے پر نمودار ہوئی۔پاکستان کی اصل قدر وقیمت وہ جانتے ہیں جنہوں نے اس کی آزادی کے حصول کیلئے عملی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا۔

حکومت آزاد کشمیر نے نوجوان نسل کو تحریک پاکستان اور یوم آزادی پاکستان کی اہمیت کو روشناس کروانے کیلئے ہم نصابی سرگرمیوں کو نصاب کا حصہ بنا کر لازمی قرار دیا ہے تاکہ پسماندہ علاقوں میں بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میرپو ر میں ڈویژن کی سطع پر یوم آزادی کشمیر کے حوالہ سے تقریری مقابلہ بعنوان قائداعظم کا تصور پاکستان کی تقریب میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر امور منگلا ڈیم چوہدری محمد طیب تھے۔تقریب میں ناظم تعلیم کالجز ڈویژن میرپور محترمہ پروفیسر انجم افشاں نقوی،نائب ناظم پروفیسر طاہر فاروق چوہدری، پبلسٹی آفیسر محمد طالب نقشبندی اور ڈویژن میرپو ر کے تمام کالجوں کے پرنسپلز اساتذہ نے شرکت کی تقریری مقابلہ میں ڈویژن میرپور کے 12طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔

ہر ضلع سے4،4طلبہ نے شرکت کی جو اپنے ضلع میں پوزیشن ہولڈر تھے۔تقریری مقابلوں میں ججز کے فرائض سابق پرنسپل پروفیسرعبدالواحد قریشی ،پروفیسر سعید ثاقب ، پروفیسر آصف حمید نے انجام دئیے۔ تقریب سے پروفیسر شاہین عشائیDPI کالجز، محترمہ پروفیسر انجم افشان نقوی ڈائریکٹر کالجز میرپور، کمشنر امور منگلا ڈیم چوہدری محمد طیب ، نائب ناظم کالجز پروفیسر طاہر فاروق چوہدری ، پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری نے خطاب کیا۔

DPIکالجز نے کہا کہ یوم آزادی تقریب ہر سال مناتے ہیں مگر اس سال حکومت کی خصوصی ہدایت پر اگست کا پورا مہینہ تقریبات منانے کا انعقاد کیا گیا۔ ضلعی سطح ، ڈویژن سطح اور ریاست کی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے دور دراز پسماندہ علاقوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ اس کے لئے ساز گار ماحول کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ کوالٹی آف ایجوکیشن پر توجہ دیں اور اس توقع کا اظہار کیا کہ اس سال انٹر میڈیٹ کے نتائج بہت بہتر ہوں گے۔ انہوں نے تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والے بچوں کو مبارک باد پیش کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر امور منگلا ڈیم چوہدری محمد طیب نے کہا کہ نوجوان نسل کو قائد اعظم کا تصور پاکستان کے عنوان پر تقرری مقابلوں میں حصہ لینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

قائد اعظم نے پاکستان ایک نظریے اور نصب العین کی بنیاد پر قائم کیا تھاجس میں مسلمان اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق گزار سکیں ۔ انہوں نے طلباء کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد اور ان کو اپنے آباو اجداد کی قربانیوں سے روشناس کرانا اور تحریک پاکستان کے حوالہ سے ان کی معلومات میں اضافہ کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بچوں کی تقریروں سے واضح طور پر عیاں ہے اور میرا یقین مضبوط ہو گیا ہے کہ اساتذہ اپنی ذمہ داریوں اور فرائض کو احسن طریقہ سے انجام دے رہے ہیں۔ پرائیویٹ اداروں کی چمک دمک نے والدین کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے جس کی وجہ سے سرکاری اداروں پر والدین کا اعتماد بحال کرنے میں وقت لگے گا۔ سرکاری اداروں کے طلبا نے آج مجھے بہت متاثر کیا انہوں نے تلاوت کلام پاک، نعت رسولﷺ اور ملی نغمہ پڑھنے والے بچوں کو 10000/-روپے انعام دیا۔

ناظم تعلیم کالجز میرپور ڈویژن محترمہ پروفیسر انجم افشان نقوی نے کہا کہ دنیا کی تمام قومیں جو ماضی میں محکومی اور غلامی کا شکار رہیں اپنے یوم آزادی کو شان و شوکت سے مناتی ہیں۔ 14اگست ہمارے لئے نئے عزم، حریت و استقلال کا پیغام بن کر آتا ہے۔ پاکستان دوقومی نظریہ کی بناء پر وجود میں آیا۔ قائد اعظم نے اتحاد ، تنظیم اور یقین کو قوم کے بنیادی اصول قرار دیا تھا۔

قائداعظم ریاست کے بیت المال کو عوام کی امانت سمجھتے تھے اور ایک روپیہ علامتی تنخواہ لیتے تھے۔ ریاستی پیسے کاضیاع کو گناہ سمجھتے تھے۔ نائب ناظم تعلیم کالجز پروفیسر طاہر فاروق چوہدری نے کہا کہ ڈویژن میرپور کے کل 75 کالجز ہیں اور تمام کالجزمیں یوم آزادی پاکستان کے حوالہ سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ہر ضلع میں پوزیشن ہولڈرز بچوں کو10000/- روپے، 7000/- روپے اور 5000/- روپے انعام دیا گیا۔

پرنسپل ادارہ پروفیسر نذر حسین چوہدری نے کہا کہ نوجوان نسل میں مقابلے کا رحجان یوم آزادی پاکستان کے حوالہ سے ان کی معلومات میں اضافہ اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈویژن کی سطح پر تقریری مقابلوں میں فرخ اویس گرلز ڈگری کالج میرپور نے اول ، غلام اویس ڈگری کالج تتہ پانی ضلع کوٹلی دوم اور ثانیہ امین گرلز ڈگری کالج چکسواری نے سوم جبکہ حمیرا کوثر گرلز ڈگری کالج پنجیڑی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی

متعلقہ عنوان :