پبلک سروس کمیشن آزاد کشمیر کے چیئرمین اور تمام ممبران کا تقرر عدالتی احکامات کی روشنی میں کسی سیاسی امتیاز کے بغیر اور خالصتاً میرٹ پر ہواہے،سردار محمد یعقوب خان

منگل 26 اگست 2014 16:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اگست۔2014ء) صدرآزادجموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن آزاد کشمیر کے چےئرمین اور تمام ممبران کا تقرر عدالتی احکامات کی روشنی میں کسی سیاسی امتیاز کے بغیر اور خالصتاً میرٹ پر ہواہے۔ اب تمام ممبران اور چےئرمین کا فرض ہے کہ وہ اپنے خلف کی پاسداری کرتے ہوئے میرٹ کی بالا دستی یقینی بنائیں۔

اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کرکسی حقدار کی حق تلفی نہ ہونے دیں ۔ ان حیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز یہاں صدارتی سیکرٹریٹ میں چےئرمین پبلک سروس کمیشن اور جملہ ممبران کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن کے حوالے سے ماضی میں انگلیاں اٹھتی رہی ہیں۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

پبلک سروس کمیشن کے ذمہ داران افسران کی بھرتی کے وقت کسی سفارش ، دباؤ سیاسی اور قبیلائی تعلق کو خاطر میں نہ لائیں ۔

اگر کوئی افسر قابلیت سے ہٹکر سفارش اور اقرباء پروری کی بناء پر بھرتی ہوگا۔وہ عوام کے ساتھ کس طرح انصاف کرے گا۔ میرٹ پر آنے والا شخص افسر بن کر میرٹ کی پاسداری کرسکتا ہے۔ اس موقعہ پر پبلک سروس کمیشن آزاد جموں و کشمیر کے چےئرمین اور ممبران نے اعتماد کے اظہار پر صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ میرٹ سے کسی صورت روگردانی نہیں کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 2011کے بعد سے 15سو گزٹیڈ پوسٹس مشتہر ہوئیں لیکن ان پر بھرتی نہیں ہوسکی۔ اس وقت تک 8ہزار سے زیادہ درخواستیں جمع ہیں ۔ تحریری امتحانات اور انٹرویو کا سلسلہ جلد شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اعلیٰ عدالتوں میں 336اسامیوں کے خلاف حکم امتناعی چل رہا ہے۔ ان معاملات کو بھی جلد یکسو کرنے کی ضرورت ہے۔ متعلقہ محکموں سے اس بارے میں رابطہ کیا جائے گا۔

چےئرمین اور ممبران نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پبلک سروس کمیشن کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے وفاق کی طرز پر مراعات ہونی چاہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پبلک سروس کمیشن کو سردست دفتری مکانیت کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔ چےئرمین اور ممبران کیلئے بیٹھنے کی جگہ نہیں۔ اس پر صدر آزاد کشمیر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم اورحکومت کو خصوصی ہدایات جاری کریں گے۔