تحریک حریت جموں وکشمیر کے خالصتاً سیاسی تنظیم ہونے کے باوجود بھارت نے سیاسی، مذہبی سرگرمیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے،سید علی گیلانی

بدھ 27 اگست 2014 15:05

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27اگست۔2014ء) کشمیری حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ تحریک حریت جموں و کشمیر خالصتاً سیاسی تنظیم ہے اس کے باوجودبھارتی حکومت اور قابض انتظامیہ نے اس کی سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ سرینگر میں تحریک حریت کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے انہیں گزشتہ چار برس سے مسلسل گھر میں نظر بند کر رکھا ہے جبکہ تنظیم کے کئی مرکزی اور ضلعی رہنما بھی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس تحریک حریت کے رہنماؤں اور کارکنوں کو سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں کی اجازت نہیں درے رہی مگر اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے تنظیم کو جدوجہد آزادی سے ہرگز دور نہیں رکھا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا قابض انتظامیہ کی جارحانہ پالیسی کے انتہائی خطر ناک مضمرات برآمد ہونگے اور نوجوان پر امن جدوجہد ترک کر کے کوئی اور راہ اختیار کرنے پر مجبو ر ہونگے۔ سید علی گیلانی نے واضح کیا کہ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کوجدوجہد آزادی جاری رکھنے سے ہرگزنہیں روکا جاسکتا۔ بزرگ رہنمانے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے تک کشمیری عوام اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :