کوٹلی ‘ بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی تحریک چلائیں گے‘ملک یعقوب خان

بدھ 3 ستمبر 2014 15:02

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 ستمبر۔2014ء ) مرکزی انجمن تاجراں کو ٹلی کا اجلاس ، بجلی کے بل میں اضافہ واپس لینے اور شہر کی اندرونی سڑکیں پختہ کر نے کا مطالبہ ،بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق مرکزی انجمن تاجراں کوٹلی کا اجلاس صدر ملک یعقوب خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی انجمن تاجراں کے عہدیداران سردار تاثیر احمد خان، بشیر بٹ ، سیکریٹری جنرل انوار بیگ ، جمیل منہاس ، راجہ رحیم ، اعجاز مغل ، ظفیر بٹ ، صدر ٹرانسپورٹ یونین بابو آزاد راٹھور ،صدر ٹرک یونین مسعود عارف چوہدری ،اور دیگر نے خطاب کیا ۔

مقررین نے کہا کہ بجلی کے بلّوں میں مسلسل اضافہ شہریوں کے ساتھ ظلم ہے ۔24 میں سے پندرہ گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

اور بل ہزاروں روپے میں آتا ہے ۔ اس میں مزید اضافہ شہریوں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ۔ بجلی کے بلّوں میں اضا فہ واپس لیا جائے ۔ بصورت دیگر جملہ سیاسی و سماجی تنظیموں کی ہمراہی میں زبردست احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ کوٹلی میں میٹر ریڈنگ سے ہٹ کر اور بوگس بل دینے کا رواج آج بھی موجود ہے ۔

محکمہ برقیات میٹر ریڈروں اور بلنگ سیکشن کی اصلاح احوال کرے ورنہ ہم خود اُن کا قبلہ درست کریں گے ۔ مقررین نے اڈہ ٹرانسپورٹ تا شہید چوک روڈ کی پختگی اور معیاری کام پر محکمہ شاہرات کو خراج تحسین پیش کیا ۔ اور مطالبہ کیا کہ اڈہ ٹرانسپورٹ تا اڈہ بٹ چوک مین بازار روڈ اور سموسہ چوک تا میلاد چوک پرانا بازار روڈ کو بھی جلد از جلد پختہ کیا جائے ۔ شہر کی دونوں اہم ترین سڑکیں کھنڈر بنی ہوئی ہیں ۔ حکام اس صورتحال کا نوٹس لیں اور شہر کی ان دونوں سڑکوں کی پختگی کے لئے اقدامات کریں ۔

متعلقہ عنوان :