زرعی ماہرین کی خدمات حاصل کر کے آزاد کشمیر کو زرعی انقلاب کی جانب لے جائینگے، سید بازل علی نقوی

بدھ 10 ستمبر 2014 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراطلاعات، زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ زرعی ماہرین کی خدمات حاصل کرکے آزادکشمیر کو زرعی انقلاب کی جانب لے جائیں گے ،ویژن 2020 ریاست کے نوجوانوں کی سوچ بدل دے گا ۔نوجوانوں سے کہتاہوں اپنا اگاو اور اپنا کھاو۔زمینداری کی جانب لوٹ آئیں ڈپریشن سے بھی بچیں گے، اپنی ضروریات پوری کریں گے اور مہنگائی کے جن کو بھی قابو کر سکیں گے۔

زراعت اور لائیو سٹاک میں خود کفالت کے لئے نوجوانوں کو قرضے دینے کے ایک پروگرام پر غور کر رہے ہیں جس کے لئے عالمی ادارہ لائیو سٹاک کا تعاون حاصل کیا جائیگا ۔پولٹری کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ریاست کو پولٹری کی شعبے میں خود کفالت کی منزل کی جانب لیکر جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات زرعی یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر بتائی ۔

اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے مختلف فارمز ہاوسز کا معائنہ کیا اور ان سے متعلق معلومات حاصل کیں ،پروفیسر ڈاکٹر محمد صالح نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک کو بریفنگ دی ،اس موقع پر وزیر زراعت نے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے کشمیری طلباء سے بھی ملاقات کی اور انہیں تعلیم مکمل کرنے کے بعد آزادکشمیر میں اپنی صلاحیتین وقف کرنے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں بائیو ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جائیگا،لائیو سٹاک کے فروغ کیلیے قرضے کے ایک پروگرام پر غور کر رہے ہیں ،وزیرزراعت سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے ایک لاکھ پچاس ہزارپودہ جات کی تنصیب‘ 127زمینداران کو زرعی مشینری خریدنے کیلئے قرضہ جات کی فراہمی ‘1800نمائشی پلاٹ لگانے ‘900ایکڑ رقبہ پر بے موسمی سبزیات کی کاشت ‘140پلاسٹک ٹنلز کی تنصیب اور 90ٹن تصدیق شدہ بیج کی فراہمی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 425کوہلوں کی تعمیر ‘30 ٹیوب ویل ‘ 10لفٹ پمپس کی تنصیب اور نیلم دریا پر 10لفٹ اریگیشن سکیمز کی تعمیر شامل ہیں ۔لائیوسٹاک سب سیکٹر میں 9لاکھ بڑے چھوٹے جانوروں اور 92 لاکھ مرغیوں کو حفاظتی ٹیکے لگانااور علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچانا ‘ 100لیئرفارمز اور 300برائلرفارمز ‘ 200 ڈیری فارمز‘100گوٹ فارمز پرائیویٹ سیکٹر میں مارک اپ فری قرضہ جات کی فراہمی کے ذریعہ تعمیر کروانا ‘9لاکھ چھوٹے بڑے جانوروں اور 92لاکھ مرغیوں کی ویکسینیشن اور علاج معالجہ شامل ہیں ۔

ESMA میں تین ریگولر ڈپلومہ کورسز چلائے جائیں گئے اور خصوصی موضوعات پرکورسز، ورکشاپس اور سیمینارز بھی منعقد کیے جائیں گئے ۔انہوں نے کہا کہ گڑھی دوپٹہ میں قائم اکیڈمی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور اس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا ۔اس موقع پر اعلی حکام نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے دورے کو سراہا اور اس طرح کی دورے کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔وزیر زراعت نے ماہرین کو دورہ مظفر آباد کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :