Live Updates

کشمیری اتنے بے حمیت نہیں ہیں کہ عمران خان جیسے لاابالی اور وطن دشمن ایجنڈے پر کام کرنیوالے شخص کو اپنا لیڈر مانیں ،راجہ محمد فاروق حیدر خان

بدھ 10 ستمبر 2014 16:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد دجموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیری اتنے بے حمیت نہیں ہیں کہ وہ عمران خان جیسے لاابالی اور وطن دشمن ایجنڈے پر کام کرنے والے شخص کو اپنا لیڈر مانیں ،عمران خان نے ہندوستان جاکر مسئلہ کشمیر کے بارے میں جس طرح کے شر انگیز بیانات دئیے تھے وہ بیانات کشمیر ی قوم اب تک بھولی نہیں ہے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ جو آدمی چین جیسے عظیم دوست پر بھی تنقید کرتا ہے اور بیرونی ایجنڈے پر چین کے صدر کا دورہٴ پاکستان ملتوی کروا کر پاکستان کی معیشت پر کلہاڑا مارنے کا مرتکب ہوا ہو وہ کشمیر یوں کا ہمدرد کیسے ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں با لخصوص پنجاب اور دیگر علاقوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب شدید نقصان کے باوجود وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے آزاد کشمیر کے دورہ کیا جس کیلئے میں پوری کشمیر ی قوم، پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر اور میں ذاتی طور پر قائد پاکستان محمد نواز شریف کا شکر گذار ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ، باغ ہجیرہ، پلندری، بلوچ، عباسپور، تراڑکھل، تتہ پانی، راج محل، نکیال ، مظفر آباد، ہٹیاں، نیلم اور حویلی میں شدید جانی و مالی اورجائیدادوں کا نقصان ہوا ہے بالخصوص دریائے جہلم، دریائے نیلم، دریائے پونچھ اور نالہ بان کے کناروں پر آباد لوگ حالیہ بارشوں اورسیلاب میں مکمل طور پر بے گھر اور ان کے مکانات، جائیدادیں ، فصلیں اور مال مویشی پانی کی نذر ہوچکے ہیں اور آزاد کشمیر کے بعض مقامات کے اسوقت تک رابطے بحال نہیں ہوسکے ، حکومت فوری طورپر زمینی راستے بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے ایک شارٹ ٹرم اور ایک لانگ ٹرم پالیسی مرتب کرے تاکہ وفاقی حکومت بھی اس میں ہاتھ بٹائے اور جن لوگوں کی زمینیں اور گھر سیلاب میں ضائع ہوئے ہیں انہیں فوری طور پر متبادل جگہ فراہم کرکے جستی چادریں، لکڑی اور سیمنٹ مہیا کیا جائے تاکہ اجڑے گھرانے دوبارہ آباد ہو سکیں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان کہا کہ آزاد کشمیر میں زلزلے ہوں یا سیلاب و بارشوں کی تباہ کاریاں مسلم لیگ(ن) اور قائد پاکستان محمد نواز شریف نے ہمیشہ کشمیریوں کو اپنے جسم و جان کا حصہ سمجھا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں بھی مسلم لیگ(ن) کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اپنی اولین فرصت میں کشمیر کا دورہ کرکے اپنے کشمیری بھائیوں کو ترجیح اوّل قراردیا ہے اور میں نے ذاتی طور پر بھی وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کو حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباکاریوں سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا ہے جس پر وزیراعظم پاکستان نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کی یقینی دہانی کروائی ہے اور اس کے علاوہ بھی اگر ضرورت پڑی تو متاثرین کی بحالی کیلئے وہ وفاقی حکومت سے خود بات کریں گے لیکن آزاد حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے لوٹ کھسوٹ اور پسند و ناپسند کی بنیاد پر نوازنے کے بجائے صاف و شفاف پالیسی مرتب کرے تاکہ حق دار کو اس کا حق مل سکے اور بے گھر لوگوں جلد ازجلد اپنے معمول زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر متاثرین کی بحالی میں کسی قسم کی غفلت کوتاہی اور غیرشفافیت کو کسی صورت نہیں برداشت کرے گی اور اگر کسی نے آزاد خطہ کے تباہ حال لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تو سختی سے محاسبہ کیا جائیگا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :