متاثرین بارش کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لائینگے،چوہدری عبدالمجید،دور افتادہ علاقوں سمیت ہر جگہ غذائی اشیاء موجود ہیں ،لینڈ سلائیڈنگ سے بند تمام ضروری راستوں کو کھول دیا گیا ہے،بارش سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگانے کے لیے سروے شروع ہوچکا ہے حکومت عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے اس کے دروازے تک پہنچے گی، صحافیوں سے گفتگو

بدھ 10 ستمبر 2014 19:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10ستمبر۔2014ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ متاثرین بارش کی بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالے کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لائینگے۔دور افتادہ علاقوں سمیت ہر جگہ غذائی اشیا موجود ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند تمام ضروری راستوں کو کھول دیا گیا ہے ۔بارش سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگانے کے لیے سروے شروع ہوچکا ہے حکومت عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لیے اس کے دروازے تک پہنچے گی ۔

وہ بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ عوام نے قدرتی آفت کا بڑی بہادری اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا حکومتی مشنر ی فوری طور پر حرکت میں آئی اور عوام اور حکومت نے مل جل کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جانی نقصان کی کوئی تلافی نہیں ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اس مشکل گھڑی کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے کے لیے حکومت نے قدرتی آفات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کی اور ضلع حویلی کو آفت زدہ قرار دیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود کے لیے تمام دستیاب فنڈز کو استعمال میں لائیں گے ۔ایک سوال پر وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آزادکشمیر کے تمام دور افتادہ علاقوں میں غذائی اشیا کی فراہمی کویقینی بنایا گیا محکمہ خوراک نے آٹا اور گندم کی سپلائی کو یقینی بنا کر عوام کو مشکلات سے بچایا ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ شاہرات نے بند سڑکوں کو کھولنے کے لیے فوری طور پر سرکاری مشینری پہنچائی اور جہاں سرکاری مشینری موجود نہ تھی وہاں پرائیویٹ مشینری کرایہ پر حاصل کر کے تمام رابطہ سڑکوں کو کھلا رکھنے کا بندوبست کیا۔

سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے ٹینٹ ودیگر سامان کی دستیابی کو یقینی بنایا جبکہ محکمہ برقیات نے بجلی کی سپلائی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں کیں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے تمام سیکرٹریز کو حالیہ بارشوں سے سرکاری اور نجی انفراسٹریکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی سروے کرنے کا حکم دے دیا ہے جس پر محکمہ مال کا عملہ متحرک ہوچکا ہے اور سارے عمل کی وزراء نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی متاثرہ شخص حکومتی امداد سے محروم نہ رہے اور انفراسٹریکچر کی بحالی کا کام بروقت اور معیاری ہو ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ حکومت پارٹی منشور کے مطابق عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی پارٹی قیادت ہمارے ساتھ رابطے میں ہے پیپلزپارٹی سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور متاثرہ علاقوں میں عوام کی مشکلات کے متعلق لمحہ لمحہ کی رپورٹ حاصل کرتی رہی ہیں اور ان کی ہدایت کی روشنی میں وزراء بحالی کے کاموں کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ پارٹی ورکر ریلیف کے عمل میں شریک رہے انہوں نے کہاکہ حکومت غریب متوسط اور عام آدمی کی مشکلات کو کم سے کم کرتے ہوئے اس کی زندگی کو آسان بنائے گی تاکہ قوم ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :