حکومت آزاد کشمیر کے پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات میں 9 ہزار لیب ٹاپ تقسیم کریگی، محمد مطلوب انقلابی

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:46

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) آزادکشمیرکے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت آزادکشمیرکے ہونہار اور پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء وطالبات میں 9ہزار لیب ٹاپ تقسیم کرے گی۔ نظام تعلیم کے فروغ کے لیے پبلک اور پرائیویٹ اداروں کے اساتذہ کوقومی ذمہ داریاں بھرپورطریقے سے نبھانا ہونگی۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی حکومت نے آزادکشمیرمیں 3 میڈیکل کالجز ،5 یونیورسٹیاں قائم کیں۔ ہماری حکومت معیار تعلیم کو انٹرنیشنل لیول کے برابرلانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ آزادکشمیر کی نئی نسل کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے حکومت تمام وسائل بروئے کارلائے رہی ہے ۔ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات ، اداروں کے پرنسپل صاحبان اور اساتذہ کرام مبارک باد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

اس امتحانات میں بھی پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے سرکاری اداروں پر سبقت لے لی سرکاری تعلیمی اداروں کوبھی نتائج بہتربنانا ہونگے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے آزادجموں وکشمیرانٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈ میرپورکے زیراہتمام امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2014 میں پہلی بیس پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے ناموں کے اعلان کرنے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے آزادکشمیرکے سیکرٹری ہائیرایجوکیشن محمود خان، ناظم اعلیٰ تعلیمات کالجز پروفیسر محترمہ شاہین عشائی، ڈائریکٹر تعلیمات کالجز ڈویژن میرپورپروفیسر محترمہ انجم افشاں نقوی،چیئرمین تعلیمی بورڈ ، سیکرٹری تعلیمی بورڈپروفیسر شاہد منیرجرال، ڈائریکٹرکالجز مظفرآباد ڈویژن پروفیسر چوہدری محمدشبیر، کنٹرولرامتحانات کالجز تعلیمی بورڈ پروفیسر محمداسلم چوہدری نے بھی خطاب کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرہائیرایجوکیشن محمدمطلوب انقلابی نے کہاکہ آزادکشمیرمیں پیپلزپارٹی کی حکومت عوامی حکومت ہے جولوگوں کی فلاح وبہبود کے لیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ حکومت مثبت تنقید کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے اور مثبت تنقید کو ہمیشہ راہنمائی کے لیے استعمال کرتی ہے۔ ہم نے اقتدار کو اڑن کٹھولہ نہیں بنایاہوابلکہ ہم عوام کے خادم ہیں اور عوامی خدمت پیپلزپارٹی کا نصب العین ہے۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے شدید مسائل کا سامناہے جس سے ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔ اور پاکستان کا امیج بھی دنیابھرمیں خراب ہورہاہے ۔ ملکی معاملات کے حل کے لیے دھرنے اور لانگ مارچ کے بجائے اگراتنازورپارلیمنٹ میں لگایاجاتا اور جمہوری اور آئینی طریقہ استعمال کیاجاتاتو اس کے نتائج مختلف ہوتے۔ انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی بھی غیرآئینی اقدام کی حمایت نہیں کرتی۔

انھوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ جمہوریت اور اداروں کے استحکام کی بات کی اور قانون اور آئین کی پاسداری میں اپنے وزیراعظم کی قربانی دے دی ۔ انھوں نے کہاکہ پاکستان کے موجودہ حالات سے کشمیری الگ نہیں رہ سکتے۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے ہونہارطلباء وطالبات کیلئے لیب ٹاپ دیئے جارہے ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :