وزیر اعظم پاکستان کا حویلی کہوٹہ کا دورہ خوش آئند ہے،عندلیب اکبر

جمعرات 11 ستمبر 2014 16:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11ستمبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی مرکزی سیکرٹری جنرل عندلیب اکبر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا حویلی کہوٹہ کا دورہ انتہائی خوش آئند ہے۔وزیر اعظم پاکستان نے ایک ہفتہ کے اندر آزادکشمیر میں سیلاب زدہ علاقوں کییکے بعد دیگرے دورے کر کے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے آزادکشمیر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کی جلد تکمیل کی سختی سے ہدایات دی ہیں اور فنڈز کی فراہمی کا یقین دلایا ہے جبکہ ضلع حویلی کیلئے جدید ہسپتال اور یونیورسٹی کیمپس کے اعلان اور متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم پر حکومت پاکستان کیساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی قیادت بھی مبارکباد کی مستحق ہے ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر خان کی کاوشوں کا صلہ ہے کہ کشمیری عوام کے لیے میاں نواز شریف نے کئی میگا پراجیکٹس کانہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ ان کی تکمیل کے لیے فنڈز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آزادکشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے یکے بعد دیگرے دورے کر کے کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔

انکے یہ دورے انکی کشمیریوں کے ساتھ خصوصی لگن کا مظہر بھی ہیں۔عندلیب اکبر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کشمیر پر واضح اور دو ٹوک موقف رکھتی ہے جس پر پوری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے آزادکشمیر کے لیے کئی میگا پراجیکٹس جس کا اعلان کر رکھا ہے اور ان کے لیے فنڈز بھی وفاقی بجٹ میں مختص ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی طرف وفاقی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن)آزادکشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیربھر میں متاثرین کے امداد کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میاں نواز شریف نے اپنے دورہ کے دوران ضلع حویلی کے لیے یونیورسٹی کیمپس اور جدید طبی سہولیات کیلئے ہسپتال کے قیام کا اعلان کیا ہے جس سے اس علاقہ کی پسماندگی میں کمی واقع ہوگی اور عوام کو صحت وتعلیم کی جدید سہولیات میسر آئیں گی۔

متعلقہ عنوان :