بھارت متاثرین کو امداد کی فراہمی میں ناکام ہو گیا ہے ۔۔۔میرواعظ،

کشمیری متاثرین کیلئے رضاکارانہ طورپر کوششیں کر رہے ہیں

منگل 16 ستمبر 2014 19:26

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16ستمبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں شدید سیلاب کی وجہ سے ہونے والی حالیہ تباہی کے دوران کشمیری عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام رہا ہے ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے منگل کو سرینگر شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران کہاکہ کشمیری عوام اپنے وسائل کے تحت ایک دوسرے کی مدد کررہے ہیں جبکہ بھارت نے انہیں حالات کے رحم پر چھوڑ دیا ہے ۔

انہوں نے عالمی برادری اورعالم اسلام سے دوبارہ اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ کشمیریوں کی مددد کریں ۔ حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ نے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ہمراہ سرینگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا ۔

(جاری ہے)

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بمنہ اور سرینگر کے دیگر علاقوں میں امدادی سامان تقسیم کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کشمیریوں کا دشمن ہے جس نے ان کے بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں اور انہیں بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں ہے ۔

ادھر حریت رہنماؤں کے علاوہ سماجی کارکن اور نوجوان رضاکار امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ قابض انتظامیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو دور تک دکھائی نہیں دیتی ۔دریں اثناء ضلع پونچھ میں ایک دھماکے میں بھارتی فوج کے دوپورٹر ہلاک اور دوبھارتی فوجیوں سمیت تین افراد زخمی ہو گئے ۔بھارت میں وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل سے تعلق رکھنے والے ہندو انتہا پسندوں نے قدرتی آفت کے شکار کشمیریوں سے اظہار ہمدردی کرنے پر مدھیہ پردیش کے شہر اُجین میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے دفتر پر حملہ کر کے توڑ پھوڑ کی اور وائس چانسلر سے بدسلوکی کی ۔ پروفیسر جواہر لال کول کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :