مقبوضہ کشمیر: موبائل ، انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر تاحال بحال نہ ہو سکی

جمعہ 19 ستمبر 2014 21:26

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کے مسلسل دعوؤں کے باجود موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے جس کے باعث متاثرین سیلاب کی مشکلات دو چند ہو چکی ہیں۔شدید سیلاب کے باعث مقبوضہ وادی کشمیر دنیا سے مکمل طور پر کٹ چکی ہے ۔ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔

مقبوضہ وادی میں ٹیلی کام شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ صارفین کو ایک ہفتے کیلئے فون کالز کی مفت سہولت دی گئی ہے جبکہ سرینگر کے علاقے بٹہ مالو کے رہائشی محمد عبداللہ کا کہنا ہے کہ وہ پورا دن محض تین کالیں کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ نیٹ ورک مسلسل مصروف ملتا ہے۔ ڈلگیٹ کے ایک رہائشی مختار احمد نے کہا کہ خراب موبائل فون سروس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

جنوبی کشمیر کے رہائشیوں نے کہا کہ گو کہ گزشتہ رات سے موبائل نیٹ ورک بحال ہونا شروع ہوا ہے مگر فون کال نہیں مل رہی اور انٹرنیٹ بھی نہیں چل رہا ۔ کپواڑہ کے علاقے آرم پورہ کے رہائشی محمد اقبال نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے سرینگر میں سیلاب سے متاثرہ اپنے رشتہ داروں سے بات کرنا چاہتا ہے لیکن فون بالکل نہیں مل رہا ۔ اقبال کا کہنا ہے کہ اسے اپنے رشتہ داروں کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے کہ وہ کس حال میں ہیں۔