سیلاب متاثرہ ہرشخص کے نقصان کا ازالہ کیا جائے،چوہدری عبدالمجید

بدھ 24 ستمبر 2014 16:35

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ ہرشخص کے نقصان کا ازالہ کیا جائے ۔سروے کے دوران صرف مستحق شخصہی کو متاثرین کی فہرست میں شامل کریں۔ شدید بارشوں اور سیلاب کے نتیجہ میں گرنے والے درخت یاپانی میں بہہ کر آنے والی لکڑکو ہی ایک ہی جگہ سٹور کیا جائے تاکہ ضرورت کے مطابق متاثرین میں تقسیم کی جاسکے۔

راولاکوٹ میں پانی کی قلت کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ایک ہی واٹر سپلائی کا تخمینہ لگا کر فز بیلٹی رپورٹ تیار کی جائے۔بند راستوں اور سڑکوں کو ہنگامی طور پر کھول دیا جائے اس کے لیے فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ۔صفائی کرنے والے ورکرز کو چیک کر کے صرف پیشہ وارانہ کام کرنے والوں کو رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

آزاد پتن ،راولاکوٹ،ہجیرہ،حویلی دو رویہ سڑک کی تعمیر کے لیے فوری طور پر فز بیلٹی رپورٹ اور تخمینہ لگایا جائے بروقت کام مکمل نہ کرنے والے ٹھکیدار کے خلاف کارروائی کریں۔

بنجوسہ جھیل کے ارد گرد تجاوزات ہٹائی جائیں اور صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔ وہ گزشتہ روز بنجوسہ ریسٹ ہاؤس میں ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ آفیسرز سے سیلاب کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر جائزہ ترقیاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے شدید بارشوں اور سیلاب سے پیدا شدہ صورتحال سیکٹرکی بنیاد پر بریفنگ لی اور موقع پر ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ متاثرین نقصانات کی میرٹ پرفہرست بنا کر نقصانات کا تخمینہ لگائیں ایک بھی غلط کیس شامل نہ کیا جائے۔

بلاتخصیص ہر متاثرہ شخص تک پہنچیں اور اس کے نقصان کا ازالہ کریں اس میں کوئی برادری ازم یا علاقائی ازم نہیں ہونا چاہیے اس کام میں پیپلزپارٹی کے کارکن رضاکارانہ طور پر آپ کی معاونت کریں گے۔وزیراعظم نے تمام رابطہ سڑکیں فی الفور کھولنے کی ہدایت کی چند بڑی بند سڑکیں فوری کھولی جائیں اس کے لیے ہر قیمت پر مشینری کی دستیابی کو یقینی بنائیں ۔

وزیراعظم نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجہ میں حاصل ہونے والی لکڑ کو ایک ہی جگہ جمع کریں اور اس کو ضرورت مند متاثرین کو دیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے متاثرین جن کی اراضی پانی کی نذر ہوگئی ہے اور مکان کے لیے ان کے پاس جگہ نہیں ہے انہیں خالصہ اراضی سے 10,10مرلہ زمین مکانات کے لیے دیں۔راولاکوٹ میں پانی کی قلت کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کے لیے مختلف واٹر سپلائی سکیموں کے بجائے ایک ہی بڑی سکیم ایک ہفتہ میں تیار کی جائے ۔

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے راولاکوٹ ڈویژن میں سڑکوں کی حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے اور آزادپتن، راولاکوٹ،ہجیرہ ،عباس پور اور حویلی تک دو رویہ سڑک کی تعمیر کی فز بیلٹی اور نمونے نکالنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ہر 20کلومیٹر پر مسافروں کے لیے واش روم اور ٹک شاپ بھی تعمیر کیے جائیں ۔

گوئی نالہ تراڑکھل سڑک کی تعمیر کا بھی تخمینہ لگایا جائے گوئی نالہ روڈ پر حفاظتی دیواروں کی تعمیر کے لیے بھی تخمینہ لگایا جائے سڑک کے قریب بلاسٹنگ نہ کی جائے اور سڑک کے قریب زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی جائے تاکہ زمین کے کٹاؤ کو روکا جاسکے۔وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ بنجوسہ جھیل کے قریب تجاوزات کے خلاف اپریشن کر کے علاقے کو صاف کریں اور جھیل کے قریب صفائی کو یقینی بنائیں اس کے لیے مستقل بنیادوں پر دو صفائی ورکر تعینات کریں جبکہ راولاکوٹ میں شہر کی صفائی کے لیے رات ساڑھے 12بجے سے صبح 5بجے تک صفائی ورکرز کی ڈیوٹیاں لگائیں اور کام نہ کرنے والے اہلکاروں کو فارغ کریں ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس سلسلہ میں صفائی ورکروں اور دیگر چھوٹے ورکروں کی نشاندہی اور ان کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر اعظم کو فوکل پرسن بھی مقرر کیا جو دفتر سے باہر کام کرنے والے ملازمین کی فہرست تیار کریں گے اور صفائی پر مامور ملازمین سے کام لینے کے ذمہ دار ہوں گے۔ وزیراعظم نے بنجوسہ جھیل کو خوبصورت بنانے کے لیے اس کے ملحقہ پارک کی توسیع اور جھیل کے کناروں پر فٹ پاتھ بنانے کی بھی ہدایت کی اور اس جھیل کے قریب پہاڑوں پر چیئر لفٹ لگانے کے لیے ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے راولاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور سرکٹ ہاؤس کی حفاظتی دیوار فوری مکمل کرنے اور شہر کی ٹریفک فوری بحال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے سربراہوں نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ اپنے اپنے سیکٹر میں بحالی کے کاموں اور تخمینہ کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر چوہدری فرید نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کو یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ میرٹ پر لگایا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں اعداد وشمار کی رپورٹ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھیجوا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہنگامی حالات میں تمام متعلقہ محکموں نے کوئیک رسپانس دیا جس سے حالات پر بروقت قابو پانے میں مدد ملی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پہلے سروے اور تخمینہ کے مطابق روڈ انفراسٹرکچر کے نتیجہ میں حویلی ،باغ،راولاکوٹ، پلندری میں ساڑھے 3ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے اس موقع پر ممبر اسمبلی وچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سردار عابد حسین عابد، سیکرٹری ورکس الیاس عباسی،کمشنر ظفر خان،ڈی آئی جی سردار گلفراز،ایس ای برقیات سردار نواز ودیگر ڈویژنل وضلعی آفیسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :