پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بحالی اور تحفظ کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ،چوہدری عبدالمجید

بدھ 24 ستمبر 2014 16:35

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2014ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے جمہوریت کی بحالی اور تحفظ کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں قانون اور آئین کی بالادستی کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔25ستمبر کو مقبوضہ کشمیرکے متاثرین سیلاب کے ساتھ اظہار یکجہتی بھرپور طریقہ سے منائیں گے۔

اس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں ۔پاکستان میں آئین اور جمہوریت کی حمایت کرتے رہیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر پر جو موقف اپنایا ہے وہی موقف ہم سب کا ہے ۔کشمیری حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں اداروں کو مزید مضبوط بنائیں گے تاکہ وہ عوام کی بہتر خدمت کرسکیں۔راولاکوٹ میں پانی کی قلت کا مسئلہ حل کریں گے ڈسٹرکٹ بار کے معاملات حل کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے ڈسٹرکٹ بار راولاکوٹ کے لیے 10لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ بدھ کے روز وہ یہاں مقامی ہوٹل میں ڈسٹرکٹ بار کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔تقریب میں ممبر بار کونسل افتخار ناز ایڈووکیٹ اور صدر بار سردار افتخار ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ممبر اسمبلی و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سردار عابد حسین عابد، ممبر قانون ساز اسمبلی شمشاد عزیز،سابق مشیر سردار اعجاز یوسف ،کمشنر ظفرمحمود خان،ڈی آئی جی سردار گلفراز اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت وکلاء سمیت تمام پروفیشنلز کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے وکلاء نے پاکستان کے اندر عدلیہ کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے لیے شاندار جدوجہد کی ہے۔وکلاء معاشرے کا باشعور طبقہ ہونے کے ناطے عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور انہیں حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں متاثرین سیلاب مقبوضہ کشمیر کو نہیں بھولنا ہے ۔حکومت کل 25ستمبر کو متاثرین سیلاب مقبوضہ کشمیر کے ساتھ تاریخی اظہار یکجہتی کرے گی۔مظفرآباد اور آزادکشمیر کے تمام اضلاع سمیت اسلام آباد ،کراچی ،لاہور، یورپ برطانیہ، امریکہ کنیڈا میں مقیم کشمیری مقبوضہ کشمیر کے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیراعظم کے خطاب کے موقع پر انہیں یاد دلائیں گے کہ بھارت کشمیریوں کے ساتھ حق خودارادیت کا کیا گیا وعدہ پورا کرے ۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت نے متاثرین سیلاب کو بے یار ومدد گار چھوڑ کر دنیا کو اپنا اصل چہرہ دکھا دیا ہے ۔عالمی برادری ، این اجی اوز اور اقوام متحدہ کے دیگر ادارے مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں ۔پانی اور ادویات کی قلت اس وقت متاثرین کے لیے سنگین مسئلہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کے خلاف جنگ میں قیمتی جانیں اور لازوال قربانیاں دی ہیں اور حالیہ سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے جس پر وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرنے پر آرمی چیف کا پوری کشمیری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹونے ملک کو متفقہ آئین دیا اور مفاہمتی پالیسی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت ہی میں ملک کی سلامتی ہے ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی مفاہمت کی سیاست کو آگے بڑھایا اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان تک قربان کردی۔

انہوں نے کہاکہ ہم پوری قوت کے ساتھ جمہوریت کے ساتھ ہیں ہم کسی شخص کے ہاتھ میں نہیں آئیں گے اور عوام کے ساتھ رہیں گے۔جمہوریت کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے ۔احتجاجی سیاست سے پاکستان کی معیشت اور امیج کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھارتی وزیراعظم مقبوضہ کشمیر آئے تو لوگوں نے احتجاج کیا جبکہ وزیراعظم پاکستان آزادکشمیر آئے تو عوام نے بھرپور تاریخی استقبال کیا ۔

مقبوضہ کشمیر کے متاثرین سیلاب نے بھارتی امداد کو ٹھکرا دیا اور خود متاثرین کو ریسکیو کیا۔ کشمیری عوام بشمول گلگت وبلتستان اپنا حق خودارادیت حاصل کر کے رہیں گے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ریاست کے اندر مسلم ادارے نے متاثرین سیلاب مقبوضہ کشمیر کی حمایت کی ہے ۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کشمیر سے متعلق موقف قوم کی آواز ہے ۔

انہوں نے کہاکہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان صرف سدھن قبیلہ کے ہی نہیں بلکہ پوری ریاست و قوم کے لیڈر تھے ۔منگ میں بھی شہدا ء کی یاد گار بنائیں گے اور آئندہ 6ماہ کے اندر اس کا افتتاح کریں گے۔راولاکوٹ واٹر سپلائی سکیم اور ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر سمیت تمام مسائل حل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام اضلاع میں یونیورسٹیاں دوں گا اور آزادکشمیر کو ایجوکیشن سٹی بنادوں گا۔

میڈیکل کالجز میں داخلے میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے علاقائی ،برادری ازم سے نکل کر ہمیں قومی سوچ اپنانا ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ آؤ سب مل کر پاکستان کو سنواریں ۔جمہوریت آئین اور پارلیمنٹ کو مضبوط بنائیں اسی میں ہمارا مستقبل محفوظ ہے سیلاب زدگان کی بلاتخصیص امداد کریں۔ انہوں نے کہاکہ میں وزیراعظم نہیں بلکہ عوام کا خادم ہوں ہم ڈسٹرکٹ کمپلیکس ،سڑکیں بنائیں گے ،آزاد پتن سے کہوٹہ تک دو رویہ سڑک بنائیں گے ،ضرورت کی بنیاد پر تعلیمی ادارے بنائیں گے ،سروس ٹربیونل کا بنچ قائم کرنے کے لیے میں خود آؤں گا وکلاء کے لیے خوبصورت کالونیاں بنائیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر وکلاء کی لائبریری کے لیے 10لاکھ روپے کا اعلان کیا اور کہاکہ اس لائبریری کو غازی ملت کے نام سے منسوب کیا جائے ۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے آخر میں وزیرستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک افواج کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :