مقبوضہ کشمیر‘کینسر اور دیگر مہلک امراض میں مبتلاء افراد کو ضروری ادویات کی شدید قلت کا سامنا

جمعرات 2 اکتوبر 2014 13:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر۔2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ شدید سیلاب کے باعث زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح طب کا شعبہ بھی سخت متاثر ہوا ہے اور مقبوضہ وادی میں لوگوں کو اس وقت بڑے پیمانے پر ادویات کی قلت کا سامنا ہے ۔ سرینگر اور دیگر علاقوں میں بڑے بڑے کاروباری مراکز بھی سیلاب کی لپیٹ میں آنے کی وجہ سے ان میں موجود میڈیل سٹور بھی تباہ و برباد ہو چکے ہیں کینسر جیسی مہلک بیماری کی ضروری ادویات بھی سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوگئی ہیں اور فی الوقت یہ ادویات بازاروں میں دستیاب نہیں۔

(جاری ہے)

بتایا جاتا ہے کہ کینسر کے مریضوں کو دی جانے والی کیمو تھراپی کیلئے مخصوص ادویات زیادہ تر سیلاب کی نذر ہو چکی ہیں۔مقبوضہ علاقے کے معا لجین نے قابض انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضروری ادویات ہنگامی بنیادوں پرمقبوضہ وادی میں لانے کے اقدامات کرے تاکہ مریضوں کی مشکلات دور ہوسکیں۔ ادھرقابض انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے نام ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیلابی پانی میں جانے سے گریزکریں کیونکہ پانی میں سانپوں کی موجودگی کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :