وادی کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں،سیلاب میں ان کا سب کچھ تباہ ہو گیا چند ہزار روپے کا اعلان متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے‘ سید علی گیلانی ریلیف کے نام پر لوگوں کو سبز باغ دکھاکر بہلانے کی ناکام کوششیں کی جاری ہیں، بیا ن

جمعہ 10 اکتوبر 2014 17:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔0 1اکتوبر 2014ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ پورے مقبوضہ علاقے خاص طورپر وادی کشمیر کے عوام انتہائی کسمپرسی کی حالت میں ہیں اورسیلاب میں ان کا سب کچھ تباہ ہوچکا ہے۔ سید علی گیلانی نے مرکزی ریلیف کمیٹی کے چیئرمین پیر سیف اللہ سے امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے تحریک حریت کے عہدے داروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ لوگوں کی مدد کرنا ہمارا دینی فرض ہے اور ہمیں اسے احسن طریقے سے نبھانا چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اوربھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ متاثرین کی امداداوربحالی میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ریلیف کے نام پر لوگوں کو سبز باغ دکھاکر بہلانے کی ناکام کوششیں کی جاری ہیں۔ انہوں نے کہا پوری دنیا اس بات سے باخبر ہے کہ کشمیریوں کا سب کچھ تباہ ہوچکا ہے اور ریلیف کے نام پرصرف چند ہزار روپے کا اعلان کرنا تباہ حال لوگوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جلد از جلد متاثرین کو مناسب معاوضہ فراہم کرے تاکہ لوگ اپنے مکان دوبارہ تعمیر کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو لوگوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے آئندہ نام نہاد انتخابی ڈھونگ کی فکر کھائے جارہی ہے جبکہ انسانی حقوق کو کب کا سیلاب برد کیا جاچکا ہے ۔انھوں نے افسوس ظاہر کیا کہ ایک ماہ کا عرصہ گزرنے کے بعد بھی متاثرین کو امداد نہیں دی گئی ہے ۔

کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی حکومت کی بے حسی کو حیران کن اور انتہائی افسوسناک قراردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاست دان کشمیری عوام کے حقوق کے ساتھ کھلواڑ کرکے قدرتی آفت کے موقع پر سیاست سے باز رہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ لوگوں کے بنیادی مسائل کو سیاست کے قبرستان میں دفن کرنے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر مرکزی ریلیف کمیٹی کے نائب چیئرمین الطاف احمد شاہ کی قیادت میں ایک وفد جس میں امتیاز حیدر، عبدالمجید راتھر اور ظہور احمد بیگ شامل تھے ،نے سویہ بگ، ڈانگر پورہ، کاوسہ، چک، یاری گنڈ کی بستیوں میں جاکر 170خاندانوں میں چاول اور کمبل تقسیم کئے، جبکہ بشیر احمد قریشی، شکیل احمد بٹ، محمد سعید اور رمیض حسین پر مشتمل یک اور وفد نے بنڈنہ کولہ پورہ، کھیلن، نیائینہ اور بٹہ پورہ کے 250خاندانوں میں چاول اور کمبل تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :