پاکستان اوچھے بھارتی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوگا، چوہدری محمد برجیس طاہر

بدھ 15 اکتوبر 2014 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کے حوصلے بہت بلند ہیں اور وہ بھارت کی جانب سے شہری علاقوں پربلااشتعال فائرنگ سے خوفزدہ نہیں۔ پاکستان نہ تو اوچھے بھارتی ہتھکنڈوں سے مرعوب ہوگا اور نہ ہی مصیبت کی گھڑی میں کشمیریوں کو تنہا چھوڑے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں آزادجموں کشمیر کونسل کے ممبران سے ملاقات میں کیا۔ وفاقی وزیر نے گذشتہ روز کے اپنے لائن آف کنٹرول کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سرحدی علاقوں کا دورہ کرکے متاثرہ شہریوں کے احوال دریافت کیے ہیں جس سے انہیں یقین ہوگیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کوئی بھی اقدام کشمیریوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تتہ پانی کے بنیادی ہیلتھ یونٹ کو رورل ہیلتھ یونٹ میں ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ بھارتی شیلنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو بروقت طبی امداد پہنچائی جاسکے۔ اس ضمن میں انہوں نے گذشتہ روز ہدایات جاری کردی تھیں۔ دریں اثناء اہل علاقہ نے تتہ پانی تا کوٹلی سڑک کی خستہ حالی کی بھی شکایت کی تھی جس پر انہوں نے فوری احکامات جاری کیے اور آزاد کشمیرکونسل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سڑک کی بحالی کے لیے بجٹ میں رقم مختص کریں۔

ارکان آزادکشمیر کونسل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ہر پاکستانی اور کشمیری موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی کو سراہ رہا ہے۔ اگر کشمیریوں اور پاکستانیوں کے حوصلے اسی طرح بلند رہے تو دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو آزادی سے نہیں روک سکتی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت عالمی سطح پر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے جس کی وجہ سے وہ ایسے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔

ممبران آزادکشمیر کونسل نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا اور اپنی طرف سے ہر قسم کی معاونت اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ کونسل کے ارکان نے بروز بدھ چوہدری برجیس طاہر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور کونسل کے آئندہ سال کے بجٹ، مسئلہ کشمیر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنے والے ممبران میں راجہ بابر علی ذوالقرنین، چوہدری محمد محبوب، سردار محمد صغیر خان اور انجنیئر رفاقت حسین اعوان شامل تھے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر کے علاوہ شاہد اللہ بیگ وفاقی سیکرٹری اور طاہر حسین جوائنٹ سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر کونسل نے بھی شرکت کی۔ آزادکشمیر کونسل کا بجٹ سیشن 16 اکتوبر بروز جمعرات صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی زیر صدارت ہوگا جس میں آزادکشمیر کونسل کا مالی سال 2014-15 کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :