مظفر آباد ‘ پولیس مجسٹریٹ کی زیر صدارت اجلاس ‘پرائس کنڑول سے متعلق معاملات کا جائزہ لیاگیا

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 16:43

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 اکتوبر۔2014ء) دارلحکومت میں امن وامان ٹریفک پلان پر عملدر آمد شہر میں تجاوزات کے خاتمہ اور پرائس کنڑول سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کے لئے پولیس مجسٹریٹ کا اجلاس ہفتہ کے دن یہاں ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان کی صدارت میں ان کے آفس چیمبر میں ہوا۔جس میں ایس ایس پی عرفان مسعود کشفی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر،ایس پی علاقہ مجسٹریٹ اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں امن وامان اور جرائم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور اسے تسلی بخش پایاگیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دہشت گردی کی روک تھام اور اقتدار کے لئے پولیس مجسٹریٹ مشترکہ طورپر کام کررہے ہیں۔ضلع بھر میں پولیس باقاعدہ گشت کررہی ہے اور مشکوک افراد کی سختی سے چیکنگ کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انٹری پوائنٹ پر باقاعدہ شناخت کے بعد ہی لوگوں کو گزرنے دیا جارہا ہے۔

ضروری اور اہم مقامات کی حفاظت اور نگرانی باقاعدگی سے کی جاتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے۔غیر قانونی پارکنگ اوراڈے ختم کئے جائیں اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری پر قابو پانے کے لئے موثر چیکنگ کا عمل جاری رکھا جائے ۔انہوں نے پرائس کنڑول کمیٹی کی کارکردگی کو سراہا۔

کمیٹی نے بتایا کہ شہر میں اشیاء خورد کی وافر فراہمی موجود ہے۔پرائس کنڑول کاتعین کر کے باقاعدگی سے ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے۔خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ مجسٹریٹ صاحبان فوجداری اور حال مقدمات کو بروقت نبھائیں اور عوام کو بروقت انصاف فراہم کریں ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور عام شہریوں کی آمدورفت میں تجاوزات بڑی رکاوٹ ہیں۔متعلقہ ادارہ کے ساتھ مل کر ان کے خاتمے کے لئے موثر کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ومال کی حفاظت اور انہیں ہر طرح کی سہولیات کی فراہمی کے لئے دستیاب تمام وسائل اور افراد ی قوت استعمال میں لائیں۔

متعلقہ عنوان :