مقبوضہ کشمیر  ہائی کورٹ کی قابض انتظامیہ کو کنن پوشپورہ اجتماعی آبروریزی کے حوالے سے تازہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

اتوار 19 اکتوبر 2014 16:42

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین ۔9 1اکتوبر 2014ء) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ نے قابض انتظامیہ کو کنن پوشپورہ اجتماعی عصمت دری کے بارے میں تازہ تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ متاثرہ خواتین کی طرف سے دائر عرضداشت پر سماعت کے دوران چیف جسٹس ایم ایم کمار اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژن بنچ نے کہا کہ 12اگست2014کے حکم نامے کے تحت تاحال متاثرین کو معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے متاثرہ خواتین کو اپنے احکامات کے مطابق معاوضہ ادا کر کے اگلی سماعت پر اسکی رسید پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ قابض انتظامیہ نے متاثرہ خواتین کو معاوضے کی ادائیگی کے لیے تین ہفتوں کی مہلت طلب کی ہے۔ معاملے کی اگلی سماعت 11نومبر کو ہو گی۔ یاد رہے کہ 1991میں 23اور24فروری کی درمیانی رات کو بھارتی فوجیوں نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کنن پوشپورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 100کے قریب خواتین کو بلا لحاظ عمر آبروریزی کا نشانہ بنایا تھا۔ بھارتی پولیس نے المناک واقعے کا مقدمہ 1991میں یہ کہہ کر داخل دفتر کر دیا تھا کہ مجرموں کا کہیں کوئی پتہ نہیں چلا ہے۔تاہم گزشتہ برس عدالت کے حکم پر اجتماعی عصمت دری کا مقدمہ دوبارہ کھولا گیا۔

متعلقہ عنوان :