نریندر مودی کشمیر میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر سیاست کی بجائے مسئلے کے حل کیلئے اقدامات کریں، میر واعظ

جمعرات 23 اکتوبر 2014 15:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ د عمر فاروق نے دیوالی پر بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم کشمیری سیلاب زدگان کی مشکلات پر سیاست سے گریز کریں۔ میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو حالیہ تباہ کن سیلاب سے شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑا ہے مگر بھارت نے دو ماہ گزرنے کے باوجود متاثرین سیلاب کی کوئی امداد نہیں کی حتیٰ کہ عالمی برادری کو بھی ان کی مدد سے روک دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ اس انسانی المیے پر محض سیاست چمکا رہے ہیں اور سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ازالہ کرنے کے بجائے وہ اپنے مفادات کی آبیاری کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میر واعظ نے کہا کہ نریندر مودی کو کشمیر کے کھنڈرات پر اپنا سیاسی محل تعمیر کرنے سے گریز کرنا چاہئے ۔حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارت کی سیاسی قیادت کو تسلیم کرلیناچاہئے کہ مسئلہ کشمیرایک زندہ حقیقت ہے اور اس کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے سے ہی خطے میں امن و سلامتی اور تعمیر و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ کشمیری عوام حالیہ تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں گونا گو ں مشکلات سے دوچار ہیں لیکن اس کے باوجود وہ اپنی جد و جہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ دریں اثنا میر واعظ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں پانپور ، نمبلہ بل ، کدلہ بل، فرستہ بل، درنگ بل اور نواحی علاقوں کا دورہ کیااور لوگوں کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیااورمتاثرین میں امدای اشیا ء تقسیم کیں ۔

انہوں نے متاثرین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے متاثرین سیلاب کوحالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے اور بدقسمتی سے اس مسئلے پر بھی سیاست کاری کا عمل جاری ہے۔ میرواعظ نے 1993 کے شہدائے بیج بہاڑہ کو ان کی 21 ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو جد و جہد آزادی کا گراں قدر سرمایہ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :