میثاق جمہوریت نے سیاست کوبے وقار کردیاہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کھوکھلی ہوچکی ہیں، سردار عتیق احمد

جمعرات 30 اکتوبر 2014 16:21

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) میثاق جمہوریت نے سیاست کوبے وقار کردیاہے۔ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کھوکھلی ہوچکی ہے، ایم سی قائد اعظم کی نظریات کی امیدہے،غیر ریاستی جماعتیں ریاست کے مستقبل سے کھیل رہی ہیں۔ نریندرمودی ہندوستان میں امن وامان کیلئے خطرہ ہے ۔ ہندوستان جنوبی ایشیاء میں قوانین کاسب سے بڑا مجرم ہے ۔ ہندوستانی آبی جارحیت پر حکومت پاکستان کی خاموشی ناقابل فہم ہے ۔

ورکنگ باؤنڈر ی اور لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دینے پر پاکستان کی بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر ایٹمی حادثے کاباعث بن سکتی ہے ۔ کارکنان نظریہ الحاق پاکستان کو نئی نسل تک منتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار سابق وزیراعظم آزادکشمیر وصدر جماعت آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے گزشتہ روز وادی نیلم کی تحصیل شاردہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزادخطہ میں موجودہ حکومت نے عوام کے استحصال میں کوئی گنجائش نہیں چھوڑی ۔

شاردہ کے مقام پر مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے عہدیداران مرتضی گیلانی ، دیوان چغتائی ، راجہ ثاقب مجید ، اظہر گیلانی ، شمیم علی ملک ، مفتی منصور ، الحاج سردارگل خنداں نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ میں وادی سرگن ، گریس اور شاردہ دودھنیال شیخ بیلہ سے سینکڑوں افراد نے شمولیت کااعلان کیا۔ اس موقع پر صدرجماعت سردار عتیق احمدخان نے وادی نیلم میں مسلم کانفرنس کو فعال کرنے کیلئے نیلم مسلم کانفرنس کے قائدین پر زور دیاکہ کارکنان کی عزت نفس کاخیال رکھاجائے اور تمام معاملات میں کارکنان کے ہمراہ یکسوئی رکھی جائے مسلم کانفرنس کے شاردہ جلسہ میں وادی گریس سے لیکر لوئر نیلم تک کے عوام نے بھرپور شرکت کی جبکہ موسم کی شدت کے باعث سینکڑوں کارکنان جلسہ میں پہنچے اس موقع پر نئے شامل ہونے والوں کے شکوے شکایات پر بھی غور کیاگیا ۔

جلسے کااہتمام شاردہ مسلم کانفرنسی کارکنان وعہدیداران نے صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی ہدایت پر کیاتھا۔

متعلقہ عنوان :