بھارت نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں، حریت کانفرنس جموں وکشمیر

ہفتہ 1 نومبر 2014 17:29

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔نومبر-2014) حریت کانفرنس جموں وکشمیر نے قابض انتظامیہ کی طرف سے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی لہر پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں۔ جموں وکشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیری متاثرین سیلاب کی بحالی کے بجائے مقبوضہ علاقے میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کا اعلان کر دیا جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں رچایا جانے والا ہر نام نہاد انتخابی عمل کشمیریوں کیلئے مصائب اور مشکلات کا ایک نیا سلسلہ لے آتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اور قابض انتظامیہ حریت رہنماؤں کا سیاسی طریقے سے مقابلہ کرنے کے بجائے ان کی آواز کو دبانے کیلئے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور مقبوضہ علاقے میں کرائے جانیوالے فراڈ انتخابات سے اس کی متنازعہ حیثیت ہرگز متاثر نہیں ہو سکتی۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیری بھارت سے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور وہ اپنی جدوجہد مقصد کے حصول تک ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :