واہگہ خودکش حملہ دشمن کی مذموم کارروائی ہے ،جتنی مذمت کی جائے کم ہے،چودھری عبدالمجید

پیر 3 نومبر 2014 16:27

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ واہگہ خودکش حملہ دشمن کی مذموم کارروائی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ قوم ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے آپریشن کی پشت پر ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے اندر تشدد میں اضافہ کر کے بھارتی تسلط کے خلاف جاری جدوجہد کو ختم کرنا چاہتا ہے مگر وہ اپنی کوشش میں کامیاب نہیں ہو گا۔

15نومبر کے جلسے میں کشمیری تارکین وطن بھرپور شرکت کریں گے۔ پیر کے روز ایوان وزیراعظم میں وزیرمال علی شان سونی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ واہگہ میں خودکش حملہ انتہائی قابل مذمت ہے دہشتگردوں کی ایسی کارروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔

(جاری ہے)

دہشتگرد جو مٹھی بھر تعداد میں ہیں ملک کو یرغمال نہیں بنا سکتے، پاکستان کی مسلح افواج اور دیگر سکیورٹی ادارے ملک کے اندر دہشتگردی کی جڑ کو اکھاڑنے کے لیئے قربانیاں دے رہے ہیں، شمالی وزیرستان کے بعد خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن کے نتیجہ میں دہشتگرد بھاگ رہے ہیں مگر پاکستان کی مسلح افواج انہیں لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گی۔

وزیراعظم نے واہگہ دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی، دہشتگردوں کا یہ ایجنڈا ہے کہ تشدد کا راستہ اختیار کر کے اپنے مقاصد حاصل کیئے جائیں اور اب جبکہ ان کے پاؤں اکھڑ رہے ہیں تو وہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے بے گناہ شہریوں کا قتل عام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کرنے میں قوم کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور فوج قوم کے اعتماد اور بھروسے پر پوری اترے گی۔ وفد سے گفتگو میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی مقبوضہ کشمیر اسمبلی کے نام نہاد انتخابات میں کامیابی کے لیئے ریاست اور جنگ بندی لائن پر تشدد کو فروغ دے رہے ہیں مگر مقبوضہ کشمیر کے عوام ایک مرتبہ پھر بھارتی ڈرامہ انتخابات کو مسترد کر دیں گے۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ 15نومبر کے برمنگھم جلسہ کے لیئے عوام متحرک ہو چکے ہیں اس جلسہ سے بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ مرکزی قائدین بھی خطاب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :