جماعت اسلامی 6نومبر کو شہداء جموں کانفرنس کوٹلی میں بھرپورشرکت کریگی،عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ

پیر 3 نومبر 2014 16:27

کوٹلی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء) امیرجماعت اسلامی ضلع کوٹلی عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ جماعت اسلامی 6نومبر شہداء جموں کانفرنس کوٹلی میں بھرپورشرکت کرے گی۔ چےئرمین متحدہ جہاد کونسل اور سپریم کمانڈر حرب المجاہدین سیّد صلاح الدین کشمیری قوم کے اصل ہیرو ہیں۔ اہلیان کوٹلی ان کا بھرپور استقبال کریں گے۔کشمیریوں کے جذبہ جہاد اور شوق شہادت نے ہندوستان کی 7لاکھ فوج کو شکست سے دو چار کر دیا۔

بھارت حریت پسند راہنماؤں کونظربندکرکے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کا ڈھونگ رچانا چاہتا ہے۔ یہ انتخابات اقوا م متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے نعم البدل نہیں ہوسکتے۔ 5لاکھ شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اورکشمیری ضرور آزادی کی منزل سے ہمکنار ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ضلعی امیرعبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ نے یہاں ایک تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کا امن مسئلہ کشمیرکے حل سے مشروط ہے۔ لندن ملین مارچ نے ہندوستان کی آنکھیں کھول دی ہیں۔ ہندوستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیری بیک وقت سیاسی اور عسکری دونوں محاذوں پرجدوجہد کررہے ہیں اور اب مسئلہ کشمیرکونظرانداز کرناعالمی برادری کے لیے ناممکن ہوگا۔انہوں نے مزیدکہاکہ 6نومبر یوم شہداء جموں کی یادمیں 11بجے دن ضلع کونسل ہال کوٹلی کے سبزہ زار میں منعقد ہونے والی کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :