لندن ملین مارچ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب تحریک آزاد کشمیر کی جدوجہد کو عالمی سطح پر تیز کرنا ہو گا، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

جمعرات 6 نومبر 2014 16:43

بریڈفورڈ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 6نومبر 2014ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ لندن ملین مارچ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب تحریک آزاد کشمیر کی جدوجہد کو عالمی سطح پر تیز کرنا ہو گا کیونکہ اس ملین مارچ سے کشمیریوں کے اندر ایک جنون پیدا ہو گیا ہے اور اسے برقرار رکھتے ہوئے تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانا ہو گا۔

لندن ملین مارچ کی وجہ سے اس وقت پوری دنیا کی مسئلہ کشمیر پر مبذول ہو چکی ہے اور آج پوری دنیا بھارت کو مجرم تصور کرتی ہے ۔ اگرچہ بھارت نے لندن ملین مارچ کو رکوانے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا لیکن مقامی ممبران پارلیمنٹ کی حمایت اور کشمیریوں کے جوش و ولولہ نے ہر سازش کو ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں بریڈ فورڈ میں چوہدری عبدالرشید پوٹھی کی رہائشگاہ پرایک استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تقریب سے چوہدری سردار،چوہدری عبدالرزاق، کرنل (ر) فیوم، چوہدری صدیق، چوہدری شعبان،چوہدری صابر نوشاد،ملک رحمت اعوان،محمد شیراز،چوہدری ماجد اسماعیل،چوہدری خالد بھلوٹ،حسن طاہر،محمد شفیق،ناصر امین،کونسلر جاوید اختر،غالب رضاایڈووکیٹ،اسد چوہدری،بابر رشید اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں برطانیہ میں مقیم تمام کشمیریوں اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لندن ملین مارچ کو کامیاب کرنے کے لئے دن رات انتھک محنت کی اوران لوگوں نے ملین مارچ کا حصہ بن کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔

انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اسوقت ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے اور کشمیر کا ہر فرد اب جاگ چکا ہے۔بالخصوص نوجوانوں نے ملین مارچ میں شرکت کرکے اپنے ملی اور قومی فریضے کو سرانجام دیا ہے۔اسلئے انکی کشمیرکاز سے وابستگی اورعقیدت محسوس کی جا سکتی ہے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ برطانیہ میں آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کو کشمیر کاز کے ساتھ مشروط کردیں تاکہ یہ ممبران پارلیمنٹ کشمیریوں کی مضبوط آواز بن سکیں اور کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت ملنے میں آسانی ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ اگر سکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہو سکتا ہے تو کشمیریوں کو بھی اسی طرح کا حق ملنا چاہیے تاکہ کشمیری خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔انھوں نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی کی منزل نہیں مل جاتی وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے مغربی طاقتوں سے کہا کہ وہ اپنا دوہرا معیار ختم کرکے کشمیر میں جاری بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں ۔ کشمیریوں نے تحریک آزادی کے لئے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور انکی یہ قربانیاں نظر انداز نہیں کی جا سکتی اور ایک دن یہ قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد ہو گا۔

متعلقہ عنوان :