جدہ سعودی عرب میں پاکستانی کونسلرجنرل کی رہائشگاہ پر کشمیر کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد

جمعرات 6 نومبر 2014 18:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) جدہ سعودی عرب میں پاکستانی کونسلرجنرل کی رہائشگاہ پر کشمیر کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں جدہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کے ساتھ ساتھ یوتھ فورم فار کشمیر کی نمائندہ شائستہ صفی جو کہ بارہ مولہ مقبو ضہ کشمیر سے تعلق رکھتی ہیں نے بھی شرکت کی۔شائستہ صفی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اپنی اور اپنے خاندان کی بارہ مولہ سے پاکستان بزورِطاقت جِلا وطنی کے دوران پیش آنے والے واقعات اور ذاتی تجربات بیان کیئے، انہوں نے کشمیری بچوں اور خواتین کو مقبوضہ وادی میں پیش آنے والے خطرات اور مشکلات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح پچھلی کئی دہائیوں سے بھارتی قابض افواج نے وہاں ظلم وستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور خواتین بھی ان کی اس بر بریت سے محفوظ نہیں رہ پاتیں،انہوں نے مقبو ضہ کشمیر میں آنے والے حالیہ سیلابوں سے ہونے والی تباہی کا بھی ذکر کیا اور سیمینار کے شرکاء کو آگا ہ کیا کہ بھارتی حکومت نے آزادی مانگنے کی پاداش میں سیلاب کو کشمیریوں کے لیئے سزا کے طور پر استعمال کیا اور انہیں پانی کی بے رحم موجوں کے حوالے کر دیا۔

(جاری ہے)

شائستہ نے یوتھ فورم فار کشمیر کیلئے کام کرنے والے کشمیری اور پاکستانی نوجوانوں کی کاوشوں کو بھی اجا گر کیا ۔ شرکاء نے اپنے سوالات اور جذبات کے ذریعے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کشمیری شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔سیمینار میں سعودی عرب میں پاکستانی سفیرکی اہلیہ اور جدہ میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خواتین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ وائے ایف کے، نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مشتمل ایک لابنگ گروپ ہے جو بھارتی فوجی قبضے میں کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :