آزاد کشمیر سمیت ملک کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کا خاص مشن ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

جمعہ 7 نومبر 2014 16:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7نومبر 2014ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی موجودہ حکومت کا مشن ہے۔ آزاد کشمیر میں انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں کی تعمیر سے جہاں روز گار کے بے پناہ مواقع پیدا ہونگے وہاں سیاحت کی صنعت بھی فروغ پائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے موجودہ مالی سال میں آزاد کشمیر کیلئے 50 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ایک وفد نے راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں وفاقی وزیر سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر نجیب نقی، افتخار گیلانی، اور سردار خالق وصی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد نے آزاد کشمیر کیلئے مجوزہ اور جاری منصوبوں کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے موجودہ سیاسی حالات میں میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور جمہوریت کے سفر کو جاری رکھنے کیلئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آزاد کشمیر کے اپوزیشن لیڈر فاروق حیدر نے حالیہ دھرنوں اور احتجاجوں میں پیدا شدہ صورتحال پر سیاسی جماعتوں کے اتحاد کے کردار کو سراہا۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور اسکی جماعت نے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔

اگر دھرنے اور جلسے ملکی کرنسی کو کمزور نہ کرتے تو پٹرولیم مصنوعات میں کمی اس سے کہیں زیادہ ہوتی۔ عمران خان کی قیادت میں احتجاجی دھرنوں نے ملکی معیشت کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد کا دورہ چین ملک کو پہنچنے والے اقتصادی نقصان کی تلافی کرنے کی ایک سعی ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دورہ چین میں 45 ارب ڈالر کے سرمایا کاری کے معاہدے متوقع ہیں ۔

سرمایا کاری کے ان منصوبوں سے سب سے زیادہ آزاد، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر راجہ فاروق حیدر اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر کے مابین ہونے والی ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری اور راولپنڈی مظفرآباد ریلوے لنک بطور خاص موضوع بحث رہی۔ راجہ فاروق حیدر نے میاں محمد نواز شریف کے ترقیاتی وژن کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :